خیبرپختونخوا کی بیٹیاں ہر شعبے میں قیادت کی صلاحیت رکھتی ہیں، تعلیم اور مواقع فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے: گورنر فیصل کریم کنڈی

10

 

پشاور،9 نومبر(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ نے ہمیں ایک عظیم خواب اور واضح فکری سمت دی ہے، اور اب اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کی بنیادی ذمہ داری نوجوان نسل پر عائد ہوتی ہے۔ اقبالؒ محض ایک شاعر نہیں بلکہ عظیم مفکر اور صاحبِ بصیرت رہنما تھے، جنہوں نے مسلمانوں میں خودی، خودداری اور الگ قومی تشخص کا شعور بیدار کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور میں یومِ اقبال کی المناسبت سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں مشیر تعلیم عامر عبداللہ، مشیر کھیل و امورِ نوجوانان سرفراز علی، سیکرٹری اعلیٰ تعلیم، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیلہ انور، فیکلٹی اراکین اور طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے وائس چانسلر اور یونیورسٹی انتظامیہ کو کامیاب تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اقبالؒ کا پیغام علم، کردار، خود اعتمادی اور اپنی صلاحیتوں کو پہچاننے سے عبارت ہے۔ اقبالؒ نوجوانوں کو قوم کی تعمیر اور تبدیلی کی اصل قوت سمجھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی بیٹیوں میں آگے بڑھنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے اور ایک عورت کو تعلیم دینا پورے خاندان اور معاشرے میں سرمایہ کاری کرنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جامعات کا بنیادی کام صرف ڈگریاں تقسیم کرنا نہیں بلکہ باصلاحیت اور باشعور قیادت تیار کرنا ہے۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھیں، سوال کرنے اور نئی سوچ اپنانے سے نہ گھبرائیں اور بڑے اہداف مقرر کر کے ان کے حصول کے لیے عملی جدوجہد کریں۔

گورنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے کا اصل سرمایہ اس کی نوجوان نسل ہے، لہٰذا تعلیم، تحقیق اور جدید علوم میں سرمایہ کاری کے ذریعے نوجوانوں کو بلا تفریق ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ ملکی اور صوبائی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔