اسلام آباد، 11 نومبر ( اے پی پی): وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ قومی کمیشن برائے حقوقِ اقلیت ایکٹ 2025ء اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے مؤثر حل کے لیے ایک اہم قانونی پیش رفت ہے، جس کی تیاری میں تمام مذہبی اقلیتی برادریوں کے ساتھ دو سالہ مشاورتی عمل کے بعد متفقہ مسودہ مرتب کیا گیا۔
بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کمیشن کے چیئرمین اور اراکین کی نامزدگی و تقرری کا عمل وزیرِ اعظم اور قائدِ حزبِ اختلاف کی مشاورت سے جاری ہے اور توقع ہے کہ یہ کمیشن آئندہ چند ہفتوں میں مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔
وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کوشاں ہے کیونکہ مذہبی آزادی، مساوی حقوق اور انسانی وقار ہی ایک پرامن اور متحد معاشرے کی بنیاد ہیں، جبکہ آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 20، 25 اور 36 بھی مذہبی آزادی، مساوات اور اقلیتوں کے حقوق کی مکمل ضمانت دیتے ہیں۔
انہوں نے تعلیم، صحت، عوامی خدمت، عدلیہ اور مسلح افواج سمیت قومی ترقی کے مختلف شعبوں میں مذہبی اقلیتوں کے نمایاں کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں مذہبی ہم آہنگی کے لیے اجتماعی ذمہ داری، تعلیم، ذمہ دار مذہبی قیادت اور بامعنی مکالمہ ناگزیر ہے۔
سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے بار ایسوسی ایشنز پر زور دیا کہ وہ قانونی آگاہی کے فروغ اور کمزور طبقات کی معاونت میں اپنا فعال کردار ادا کریں، جبکہ انہوں نے ہولی سی (ویٹیکن) کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات اور بین المذاہب مکالمے کے فروغ میں اس کے کردار کو بھی سراہا۔











