اسلام آباد 05 نومبر (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابیکر سمرا مصطفیٰ علی نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے معزز مہمان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان، سوڈان کے ساتھ اپنے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ سوڈان اپنے موجودہ بحران سے نکل کر ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال ملک کے طور پر ابھرے۔وزیراعظم نے نشاندہی کی کہ زراعت، دفاع، تعلیم اور دیگر اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ، او آئی سی (OIC)، G-77 اور دیگر کثیر الجہتی فورمز پر سوڈان کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
اس موقع پر سوڈان کے وزیر داخلہ نے پرتپاک استقبال اور میزبانی پر وزیراعظم اور حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مشکل صورتحال میں پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے فراہم کردہ انسانی و طبی امداد پر وزیراعظم کا ممنونیت کا اظہار کیا۔ سوڈانی وزیر داخلہ نے سوڈان میں امن و امان کی کوششوں کے حوالے سے بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی حمایت اور خطے میں امن و ثالثی کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔











