اسلام آباد، 6 نومبر (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستانی برآمدات کے فروغ، عالمی منڈیوں تک مقامی مصنوعات کی رسائی بڑھانے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار سمیت مقامی صنعتوں کو برآمدی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ فیصلہ جمعہ کو وزیراعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں ٹی ڈی اے پی کی کارکردگی اور اصلاحات سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ برآمدات میں اضافے کیلئے مقامی صنعتوں کی مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنا کلیدی اہمیت رکھتا ہے اور جدید خطوط پر استوار ٹی ڈی اے پی اس مقصد کے حصول میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی مصنوعات کی برآمدات کیلئے مکمل ویلیو چین سمیت مربوط نظام تشکیل دیا جائے گا۔ پاکستان کی برآمدی استعداد وسیع اور جغرافیائی محل وقوع انتہائی موزوں ہے جس سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے صنعتوں اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ٹی ڈی اے پی میں شفاف طریقے سے میرٹ پر تربیت یافتہ افرادی قوت بھرتی کی جائے اور ادارے میں ترقی کو اہداف کے حصول اور کارکردگی سے مشروط کیا جائے۔ انہوں نے ادارے کے مالیاتی اور کارکردگی آڈٹ کیلئے اچھی شہرت کی حامل نجی آڈٹ فرم کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں ٹی ڈی اے پی کی موجودہ کارکردگی، انتظامی ڈھانچے اور درپیش چیلنجز پر بریفنگ دی گئی۔ ادارے کو عالمی معیار کے تجارتی فروغ کے ادارے میں تبدیل کرنے کیلئے مجوزہ اصلاحات پیش کی گئیں جن میں دائرہ کار کو آٹھ بنیادی افعال تک محدود کرنے، بورڈ اور انتظامی ڈھانچے کی تنظیم نو، علاقائی نیٹ ورک کو مؤثر بنانے، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور مصنوعی ذہانت کے استعمال سمیت کارکردگی کی آزادانہ جانچ کا نظام متعارف کرانا شامل ہے۔
اجلاس کو اصلاحات پر عملدرآمد کیلئے 12 ماہ کا مرحلہ وار منصوبہ بھی پیش کیا گیا۔ وزیراعظم نے اصلاحات آئندہ برس کے وسط تک مکمل کرکے ان کے اطلاق کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، جام کمال خان، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ، ڈاکٹر مصدق ملک، مشیر وزیراعظم ہارون اختر، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔











