سکھر,08نومبر(اے پی پی )؛وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سکھر واٹر سپلائی پروجیکٹ سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ، میئر سکھر ارسلان شیخ سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ دریائے سندھ کے کنارے آباد سکھر کو پیاسا نہیں چھوڑا جا سکتا، ہر شہری کو صاف پانی فراہم کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سکھر کے ہر گھرانے تک صاف، محفوظ اور بلا تعطل پینے کے پانی کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سکھر کی آبادی میں 1998ء سے 2023ء کے دوران تقریباً 68 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث جدید نظام آب رسانی کی تعمیر ناگزیر ہے۔وزیراعلیٰ نے سکھر کو چین کے شہر یچانگ کے ساتھ جڑواں شہر بنانے کی تجویز پر بھی غور کیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت روزانہ 40 سے 50 ملین گیلن پانی صاف کرنے کی گنجائش رکھی جائے گی۔ موجودہ نظام صرف 60 سے 70 فیصد ضرورت پوری کر رہا ہے، جبکہ 2 ارب 14 کروڑ روپے کی جاری اسکیم سے فراہمی 80 سے 90 فیصد تک بڑھ جائے گی۔وزیراعلیٰ سندھ نے منصوبے کی بروقت تکمیل، شفافیت اور معیار یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ سکھر کے ہر گھرانے تک صاف اور محفوظ پانی پہنچایا جائے۔











