واشنگٹن، 05 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے واشنگٹن میں ورلڈ بینک کے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ “عالمی قانون، انصاف اور ترقی فورم 2026” میں پاکستان کی نمائندگی کی، جہاں انہوں نے نجی سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق وزارتی گول میز اجلاس میں شرکت اور خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ نجی سرمایہ کاری اعتماد سے مشروط ہے اور معاہدوں پر تیز رفتار و منصفانہ عمل درآمد سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھاتا ہے، نیز انصاف کے نظام میں اصلاحات محض قانونی نہیں بلکہ معاشی اصلاحات کا بھی اہم جزو ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں آسان کاروبار قانون، ون ونڈو بزنس پورٹل، فارن انویسٹمنٹ پروموشن اینڈ پروٹیکشن ایکٹ 2022، خصوصی تجارتی عدالتوں، نئے ثالثی ایکٹ اور کمپنیز ایکٹ میں مجوزہ ترامیم سمیت مختلف اصلاحاتی اقدامات پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ پاکستان نے سنگاپور کنونشن آن میڈی ایشن پر دستخط کر دیئے ہیں جس کی توثیق کے لیے قانون سازی جاری ہے، جبکہ پاکستان عالمی شراکت داروں کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے استقبال کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔











