وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے حبیب بینک کے صدر و سی ای او کی ملاقات، تجارتی و مالیاتی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

5

اسلام آباد، 18 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے حبیب بینک لمیٹڈ کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد ناصر سلیم کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، جس میں ایس ایم ای فنانسنگ، ڈیجیٹل بینکنگ، برآمدات کے فروغ اور تجارتی سہولتوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو مالی وسائل تک آسان رسائی فراہم کرنے، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کے لیے بینکاری شعبے کے کردار پر بھی گفتگو ہوئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو دستاویزی معیشت کا حصہ بنانا اور انہیں مالی سہولتوں تک آسان رسائی فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری ضوابط کو آسان بنانے اور غیر ضروری لائسنسنگ کی شرائط کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

جام کمال خان نے پاکستانی مصنوعات کے عالمی معیار اور برآمدی مسابقت میں اضافے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افریقہ، جنوب مشرقی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کی منڈیوں میں پاکستانی برآمدات کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

ملاقات میں وزارتِ تجارت اور حبیب بینک کے درمیان بین الاقوامی تجارتی و مالیاتی روابط مضبوط بنانے اور اہم تجارتی شراکت داروں کے ساتھ بینکاری سہولتوں کے فروغ کے لیے تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر ایس ایم ایز، زراعت اور ہاؤسنگ کے شعبوں میں مالی معاونت بڑھانے اور برآمدات، سرمایہ کاری اور کاروباری ترقی کے لیے باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔