اسلام آباد، 18 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاک چین سٹریٹجک پارٹنرشپ، سیکیورٹی تعاون اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین معاونت بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین باہمی کوآرڈینیشن کو فعال اور موثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے اہلکاروں کو چینی زبان سکھانے کیلئے جلد چینی انسٹرکٹرز پاکستان آئیں گے۔
چینی سفیر نے کہا کہ چین کی طرز پر اسلام آباد میں بننے والے لا انفورسمنٹ سنٹر کے قیام میں ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔ چینی سفیر نے بھرپور تعاون اور تمام مسائل کو بروقت حل کرنے پر وزیر داخلہ محسن نقوی کے فعال کردار کو سراہا۔
وفاقی سیکرٹری داخلہ، سپیشل سیکرٹری داخلہ اور ڈی جی این سی سی آئی اے بھی اس موقع پر موجود تھے۔











