اقوامِ متحدہ، 5 نومبر(اے پی پی ): پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی عبوری فورس برائے ابیئی یونیسفا(یو این آئی ایس ایف اے) کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے، ابیئی کی حتمی حیثیت کے پُرامن اور باہمی طور پر قابلِ قبول حل کے لیے سوڈان اور جنوبی سوڈان کے درمیان مسلسل سفارتی روابط کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
سلامتی کونسل میں یونیسفا کے بارے میں بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے، اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر سید حیدر شاہ نے انتہائی مشکل حالات میں مینڈیٹ کی انجام دہی پر مشن اور اس کے امن اہلکاروں کی خدمات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ابیئی کی نازک سکیورٹی صورتِ حال بدستور سوڈان میں جاری تنازعہ، جنوبی سوڈان میں عدم استحکام، بین الجماعتی کشیدگی اور غیر مجاز مسلح عناصر کی موجودگی سے متاثر ہو رہی ہے۔
انہوں نے مشن کی کوششوں میں تقریباً پاکستانی امن اہلکاروں کے کردار کو اجاگر کیا، بالخصوص مقامی آبادی سے روابط، گشت اور شہریوں کے تحفظ کے شعبوں میں ان کی خدمات کو سراہا۔
سفیر شاہ نے سلامتی کونسل کی قرارداد 2802 کے تحت طے شدہ اہم اہداف پر پیش رفت کا بھی خیرمقدم کیا۔ ان میں سوڈان اور جنوبی سوڈان کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کی بحالی، تین سال سے زائد عرصے کے بعد مشترکہ سیاسی و سلامتی نظام (جوائنٹ پولیٹکل اینڈ سکیورٹی میکنزم )کا دوبارہ فعال ہونا، جنوبی ابیئی سے جنوبی سوڈان کی افواج کے انخلا اور مجاز تشکیل شدہ پولیس یونٹس کی تعیناتی کے سلسلے میں پیش رفت شامل ہے۔
انہوں نے سوڈان اور جنوبی سوڈان پر زور دیا کہ وہ اس سفارتی پیش رفت کو آگے بڑھاتے ہوئے، ابیئی کی مشترکہ نگرانی کمیٹی(ابیئی جوائنٹ اوورسائیٹ کمیٹی) سمیت متعلقہ فورمز کے ذریعے بامعنی مذاکرات کا دوبارہ آغاز کریں، تاکہ اقوامِ متحدہ، افریقی یونین، آئی جی اے ڈی (IGAD) اور علاقائی شراکت داروں کی معاونت سے ابیئی کی حتمی حیثیت کا پُرامن اور باہمی طور پر قابلِ قبول حل تلاش کیا جا سکے۔
غیر مجاز مسلح عناصر کے انخلا اور متفقہ انتظامی و پولیسنگ کے انتظامات کے قیام کے حوالے سے مزید پیش رفت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، سفیر شاہ نے کہا کہ یونیسفا کے مینڈیٹ پر مؤثر عمل درآمد کے لیے مناسب مالی، لاجسٹک اور عملی وسائل کی فراہمی ناگزیر ہے۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ابیئی کے مسئلے کا پائیدار حل بالآخر سوڈان اور جنوبی سوڈان کے درمیان مذاکرات اور اتفاقِ رائے ہی سے ممکن ہے۔ انہوں نے خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے یونیسفا اور پاکستان کے عزم کی بھی توثیق کی۔
انہوں نے کہا کہ دریں اثنا، یونیسفا ابیئی میں استحکام برقرار رکھنے، شہریوں کے تحفظ اور علاقائی تنازعات کے اثرات کو اس علاقے تک پھیلنے سے روکنے کے لیے بدستور کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔ پاکستان مشن کے لیے اپنی بھرپور حمایت اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔











