اسلام آباد، 8 نومبر ( اے پی پی): پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو میں ٹیسٹ سکواڈ میں شامل نئے کھلاڑیوں کے بارے میں بات کی۔
مائیک ہیسن نے کہا کہ طیب عارف نے پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں بہت اچھی پرفارمنس دی۔ محمد طحہ ٹاپ آرڈر بلے باز ہے، پچھلے دو ڈومیسٹک سیزن میں طحہ کی کارکردگی اچھی رہی ہے۔ سمیر منہاس بہت اچھا ٹیلنٹ ہے، ٹاپ آرڈر میں کہیں بھی بیٹنگ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ محمد سلیمان مڈل آرڈر کا کھلاڑی ہے، سپن باؤلنگ بہت اچھی کھیلتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ثاقب خان ڈومیسٹک کا تجربہ کار اور ٹاپ پرفارمنگ باؤلر ہے، ثاقب خان ریڈ بال کرکٹ میں لمبے سپیلز کروا سکتا ہے۔ علی شبیر ایکسپریس فاسٹ باؤلر ہے، وکٹوں کو اٹیک کرنے کے علاوہ اچھی شارٹ باؤلنگ بھی کروا سکتا ہے۔
مائیک ہیسن نے کہا کہ اگلے ایک سال میں ٹیسٹ ٹیم کے لیے بہترین آپشن تیار کرنے ہیں۔ ان نوجوان کھلاڑیوں کے پاس سیکھنے اور اپنا لوہا منوانے کا بہترین موقع ہے۔ جن کو کھیلنے کا موقع ملے گا وہ ٹیسٹ کرکٹ کا بہترین تجربہ حاصل کریں گے۔











