پشاور،07 نومبر (اے پی پی ): گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان ایسوسی ایشن آف اورل اینڈ میکسیلوفیشل سرجنز کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نامور طبی ماہرین، محققین اور شعبہ صحت سے وابستہ شخصیات کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا قابل تحسین اقدام ہے۔گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو باصلاحیت ڈاکٹرز، ماہر طبی عملے اور مستند طبی اداروں کی قابل فخر روایت حاصل ہے۔ صحت کی سہولیات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق اور معاشرتی ترقی کی بنیاد ہے، صحت مند آبادی ہی مضبوط معیشت، فعال افرادی قوت اور خوشحال مستقبل کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ناگزیر ہے، معیاری طبی سہولیات کا حصول صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔ میڈیکل کالجز، تدریسی ہسپتالوں اور طبی اداروں کو مزید مستحکم بنانے اور طبی تحقیق، پیشہ ورانہ تربیت اور پوسٹ گریجویٹ تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا نے دہشت گردی، نقل مکانی اور طویل بدامنی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا کیا ہے جس سے صحت سمیت بنیادی عوامی خدمات پر اضافی دباؤ پڑا۔ عوام ایک ایسے صحت کے نظام کے مستحق ہیں جو انہیں عزت، احساس اور ذمہ داری کے ساتھ طبی سہولیات فراہم کرے۔انہوں نے لائف ٹائم اچیومنٹ اور اعزازی فیلوشپ ایوارڈز حاصل کرنے والوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سینئر طبی ماہرین کا تجربہ نوجوان نسل کے لیے قابل تقلید مثال ہے۔ نوجوان ڈاکٹرز طبی اخلاقیات کے اعلیٰ اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں۔آخر میں گورنر نے پاکستان ایسوسی ایشن آف اورل اینڈ میکسیلوفیشل سرجنز کو کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔











