اسلام آباد ، 5 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے اہل کشمیر کی خود ارادیت کے حق کے حصول کی عظیم جدوجہد اور لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہزاروں شہادتیں، سینکڑوں بے حرمتیوں، ، سنگین مظالم اور بے پناہ تکالیف کے باوجود کشمیریوں نے جھکنے سے انکار کیا ہے، بھارتی ظلم ان کی حق خود ارادیت کی جدوجہد کو کمزور نہیں کر سکا۔
یوم یکجہتی کشمیر پراپنے پیغام میں وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نےکہا کہ شہدا کشمیرحریت پسندی، اصول اور سچائی کے دمکتے ستارے ہیں۔ کشمیر میں بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی سختی سے مذمت کرتے ہیں،اقوام متحدہ سمیت پوری دنیا کشمیر میں بہتے خون کا نوٹس لے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے قیام کیلئے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی زیر قیادت کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کریں گے , مسئلہ کشمیر کو ہر سطح پر اجاگر کرتے رہیں گے۔
اے پی پی / احسن/حامد
سورس: وی این ایس، اسلام آباد