بہادر قبائلی عوام نے دہشت گردی کا مقابلہ کرتے ہوئے مشکل وقت گزاراہے: وزیراعظم عمران خان

272

پشاور، 15فروری (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قبائلی غیور عوام کی پاکستان کے لئے بے پناہ خدمات ہیں، بہادر قبائل نے دہشت گردی کا مقابلہ کرتے ہوئے مشکل وقت گزاراہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم عمران خان نے قبائلی علاقہ جات میں انتظامی اصلاحات اور سیکورٹی صورتحال کے جائزہ اجلاس کی صدارت کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہا کہ  قبائل نے حکومت اور سیکورٹی فورسز کا بھر پور ساتھ دیا ہے۔  قبائل کی بحالی اور بہتر سماجی حالات ریاست کی زمہ داری ہے جو ہم پورا کریں گےاور امن کو خراب نہیں ہونے دیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت قبائلی علاقہ جات میں وہ تمام سہولیات میسر کرے گی جو باقی شہریوں کو دستیاب ہیں ۔

وزیر اعظم نے وزراء،  ممبران اسمبلی اور سینیٹرز کو ہدایت کی کہ خاص طور پر قبائلی علاقوں کے عوام کے مسائل سنیں اور ان کے حل میں پوری مدد کریں ۔

وزیر اعظم نے انتظامی، قانونی اور مالی اصلاحات جلد سے جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی ، وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈاپور،  وزیر توانائی عمر ایوب خان، وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری،  مشیر براے اسٹیبلشمنٹ محمّد شہزاد ارباب، وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی ، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان، معاونین خصوصی نعیم الحق اور افتخار درانی سمیت  گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیر اعلی محمود خان،  صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی ، مشیر وزیر اعلی اجمل وزیر،  کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود، چیف سیکرٹری ، انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر سینئر افسران بھی اس اجلاس میں  موجود تھے۔

 

اے  پی پی / صائمہ حیات خان/ فاروق

سورس: وی این ایس ، اسلام آباد