اسلام آباد ۔ 20 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ بھارت سن لے کہ اگر کسی قسم کی جارحیت کی گئی تو پاکستان نے بھی چوڑیاں نہیں پہن رکھیں، 20 کروڑ عوام پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق زبردست مقدمہ لڑا اور زبردست دلائل دیئے، پاکستان کا کیس بہت مضبوط ہے
پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کے پاس اصل بھارتی پاسپورٹ ہے، برطانوی کمپنی نے بھی تصدیق کی کہ کلبھوشن یادیو کا پاسپورٹ اصل ہے، مودی کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن لڑیں ، پاکستان مخالف مہم نہ چلائیں، ہم بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دنیا میں اجاگر کریں گے، کلبھوشن کے پاس اصل بھارتی پاسپورٹ ہے، برطانوی کمپنی نے بھی تصدیق کی کہ کلبھوشن جادیو کا پاسپورٹ اصل ہے۔انہوں نے کہا کہ کلبھوشن کو عمر کی حد سے قبل 47 سال کی عمر میں ریٹائر کیوں کیا گیا، اگر پاسپورٹ اصلی تھا تو کلبھوشن پاکستان میں کیا کر رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا موقف ہے کہ کلبھوشن کو ایران سے پکڑا گیا، چاہ بہار سے پاکستان تک کے 9 گھنٹے کے سفر کے بھارت کے پاس کیا ثبوت ہیں، سوال اٹھتا ہے کہ کیا بھارت نے ایران سے پوچھا، دنیا بھارتی موقف کو تسلیم نہیں کر رہی
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ نیب کسی کارروائی پر حکومت سے نہیں پوچھتا، سپیکر سندھ اسمبلی کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں، سمجھتے ہیں کہ احتساب کو سیاست سے جوڑنا مناسب نہیں
اے پی پی/ظہیر/طاہرمحموداعوان
وی این ایس اسلام آباد