قطر کے امیر البحر کا پاک بحریہ کے  ہیڈکوارٹرز کا دورہ

321

اسلام آباد، 25 فروری (اے پی پی): قطر امیری نیول فورسز کے سربراہ، اسٹاف میجر جنرل عبداللہ بن حسن ال سلیطی نے آج  پاک بحریہ ہیڈکوارٹرزاسلام آباد کا دورہ کیا۔ ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے قطر امیری نیول فورسز کے سربراہ کا استقبال کیا۔پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔

مہمان امیر البحر نےپاک بحریہ کے سربراہ سے  بھی ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ اُموربشمول دو طرفہ بحری اشتراک اور خطے کی میری ٹائم سکیورٹی پرتبادلہ خیال کیا گیا۔پاک بحریہ کے سربراہ نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے ذریعے میری ٹائم سکیورٹی اوربحری امن کے قیام میں پاک بحریہ کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔سربراہ پاک بحریہ نے کثیرالملکی میری ٹائم مشق امن میں بھر پور شرکت پر قطر امیری نیول فورسز کے سربراہ کا شکریہ ادا کیا۔

قطر امیری نیول فورسز کے سربراہ نے مشترکہ میری ٹائم سکیورٹی میں پاک بحریہ کے کردار اورکثیرالملکی میری ٹائم مشق امن کے کامیاب انعقاد کو سراہا۔

 

بعد ازاں،ایوانِ صدر میں منعقدہ پُر وقار تقریب کے دوران اسٹاف میجر جنرل عبداللہ بن حسن ال سلیطی کو ہلال امتیاز (ملٹری) تفویض کیا گیا۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے اسٹاف میجر جنرل عبداللہ بن حسن ال سلیطی کو پاکستان کا عسکری اعزاز تفویض کیا۔

اے پی پی /حمزہ رحمٰن(14:58)/حامد(15:10)

سورس:وی این ایس،اسلام آباد