اسلام آباد،25فروری(اے پی پی ):وزیر اطلاعات چودھری فواد حسین نے کہا ہے کہ بھارت کے کہنے سے مسئلہ کشمیر ختم نہیں ہوجائے گا۔ کشمیر کبھی بھارت کا حصہ تھا نا ہی ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن چاہتا ہے،مقبوضہ کشمیر میں مظالم کو بند کرنا ہوگا۔
بین الاقوامی کشمیر کانفرنس سے خطاب میں وزیر اطلاعات چودھری فواد حسین نے کہا کہ 10کشمیریوں پر ایک سپاہی کھڑا کرکے امن قائم نہیں کیا جاسکتا۔ لوگوں کو طاقت کے زور پر دبایا نہیں جاسکتا۔ کشمیریوں کو وہی حقوق دینے ہونگے جو کہ آزادریاستوں کے ہوتے ہیں،لہو بہنے سے آگ بڑھکتی ہے بجھتی نہیں۔ لوگوں کو گولیاں مارکر ریاست کی رٹ نہیں قائم کی جاسکتی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر چوہدری مسعود حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کو بار بار مذاکرات کی پیش کش کرچکا ہے۔ہم ایک دفعہ پھر بھارت کو تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات کی دعوت دیتے ہیں۔ خطے میں جنگوں کی نہیں غربت کے خاتمے کیلئے کاوشوں کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر مشال ملک نے کہا کہ پوری دنیا کو چاہیے کہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کو بند کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ ایسا نہ ہو کہ کشمیری ختم ہو جائیں اور ان کی ثقافت کی چیزیں عجائب گھروں میں پڑی رہیں۔
اے پی پی /ناہید(21:05)/حامد(21:15)
وی این ایس، اسلام آباد