صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قطر ی نیول فورسز کے کمانڈر میجر جنرل عبداﷲ بن حسن الصلیطی کو ”ہلال امتیاز“ (عسکری) عطاءکیا

273

اسلام آباد، 25 فروری (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قطر ی امیری نیول فورسز کے کمانڈر میجر جنرل عبداﷲ بن حسن الصلیطی کو ”ہلال امتیاز“ (عسکری) عطاءکیا ہے۔ اس سلسلے میں پیر کو ایوان صدر میں خصوصی تقریب تقسیم اعزاز منعقد ہوئی جس میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔ بعد ازاں کمانڈر قطری امیری نیول فورسز نے صدر مملکت سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے پاکستان بحریہ کی مشق ”امن“ میں قطر امیری نیول فورسز کی باقاعدگی سے شرکت کو سراہا۔ صدر نے اس امر پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کی بحری افواج ایک دوسرے کے ساتھ باقاعدہ رابطے میں ہیں۔ انہوں نے دونوں بحری افواج کے درمیان آپریشنل رابطے مزید بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ صدر نے اس امر کو اجاگر کیا کہ پاکستان قطر کے لئے بالخصوص تعمیراتی مواد، ادویہ سازی، انجینئرنگ مصنوعات، طبی سازوسامان، کھیلوں کے سامان اور فیبرکس کے شعبوں میں اپنی برآمدات کو متنوع بنانے کا خواہاں ہے۔

اے پی پی/ عمار برلاس (21:50)/حامد(22:04)

وی این ایس اسلام آباد