اسلام آباد،13مارچ(اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ پاکستان خطے میں امن و امان کا خواہاں ہے،وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی جارحیت کے باوجود جذبہ خیر سگالی کے تحت انڈین پائیلٹ کو با عزت واپس بھجوایا جبکہ ہندوستان سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے۔
وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت، مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کا تیسرا اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ، سابق سفراء ، خارجہ سیکرٹریز، ماہرینِ بین الاقوامی امور اور دیگر اراکین مشاورتی کونسل نے شرکت کی ۔
اجلاس میں پلوامہ واقعہ کے بعد پاک بھارت کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت اہم امور پر مشاورت کی گئی جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم کی طرف بین الاقوامی برادری کی توجہ مبذول کروانے کے حوالے سے بھی خصوصی مشاورت ہوئی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کے اجلاس میں موثر سفارت کاری کے لیے سیاحت، تجارت ،سرمایہ کاری، اور تعلیم جیسے شعبوں کو بروئے کار لانے کیلئے مختلف پہلوؤں پر مشاورت کی گئی۔
وی این ایس ، اسلام آباد