اسلام آباد ۔ 3 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم وپیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت بچیوں کی تعلیم کو لڑکوںکے مقابلہ میں لانے کےلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے۔ وفاقی وزارت ِتعلیم و پیشہ وارانہ تربیت اور پاکستان الائنس فار گرلز ایجوکیشن (پی اے جی ای) کی شراکت سے لڑکیوں کی تعلیم پر قومی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ہمیں بچیوںکی تعلیم میں حائل غربت، امتیازی سلوک اور علاقائی رسم و رواج جیسی رکاوٹوں کو اپنے معاشرے سے ہٹانا ہو گا جس سے ہم ان کی تعلیم کوآسان بنا سکیں۔ شفقت محمود نے لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے اس بات پر زور دیا کہ لڑکیوں کی تعلیم ملک کی اقتصادی ترقی کےلئے نہایت اہم ہے۔ انہوںنے کہا کہ تعلیم کے میدان میں بچیوں کے ساتھ امتیازی سلوک کو دورکرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ شفقت محمود نے کہا کہ دیہی علاقوں میں تعلیم کے فروغ کےلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت ہے۔ وزیر تعلیم نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ حکومت جدید طریقہ کار اپناتے ہوئے اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائے گی اور شرح خواندگی میں اضافہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی تعلیم کو فروغ دینے کے حوالہ سے پرعزم ہیں اور وزارت تعلیم عصر حاضر کے تقاضے پورے کرنے کیلئے خصوصی اقدام کر رہی ہے، غیر رسمی تعلیم کو فروغ دینے کیلئے خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ تعلیم سے شعور اجاگر ہوتا ہے اور اقدار سے آگاہی ملتی ہے اور تعلیم کے میدان میں ترقی کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں شرح خواندگی بڑھانا بڑا چیلنج ہے، آئندہ ساڑھے 4 سال کے دوران شعبہ تعلیم میں انقلاب لانے کیلئے پرعزم ہیں، ہم یکساں نظام تعلیم لائیںگے اور ملک کو ترقی کی راہ پر چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے سیمینار ہمارے لئے بہت مفید ہیں، اس طرح کے سیمینار مستقبل میں ہمارے لئے کار گر ثابت ہوں گے۔ اس موقع پر وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، پلاننگ کمیشن اور پاکستان الائنس فار گرلز ایجوکیشن (پی اے جی ای) کے نمائندوں سمیت چاروں صوبوں سے150 سے زائد شرکاءنے تقریب میں حصہ لیا۔ ڈاکٹر طارق ایچ چیمہ، چیئرمین پی اے جی ای نے مہمانوں کا تقریب میںحصہ لینے پر شکریہ ادا کیا۔ دیہاتوں میں بچیوں کی تعلیم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر چیمہ نے بتایا کہ دیہی علاقوں میںصرف 39 فیصد بچیاں سیکنڈری سکول جاتی ہیں جبکہ لڑکوں کی شرح45 فیصد ہے۔ شفقت محمود نے ملک کے دور دراز علاقوں میں تعلیم کو فروغ دینے کےلئے اپنی خدمات سرانجام دینے پراے آر سی پاکستان کی ناہیدبی بی کو پی اے جی ای ہیرو 2019ءکا ایوارڈ بھی دیا۔











