اسلام آباد ۔ 8 اپریل (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد بن احمد بن محمدالخلیفہ نے پیر کو وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور بحرین کے مابین دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فریقین نے مشترکہ وزارتی کمیشن کا دوسرا اجلاس اکتوبر 2019 کو مناما میں منعقد کرانے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور بحرین کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بحرین کی طرف سے کنگ حماد یونیورسٹی برائے نرسنگ اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنس کی صورت میں دیئے گئے خوبصورت تحفے پر بحرینی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ اس منصوبے کو جلد عملی جامہ پہنایا جائیگا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کونسل آف فارن منسٹرز کے چھیالیسویں اجلاس میں پاکستان کی طرف سے جنوبی ایشیا میں امن و امان کے حوالے سے پیش کی گئی قرارداد کی حمایت کرنے پر بحرینی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بحرینی اپنے ہم منصب کو خطے میں امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا کے انتخابات جیسے جیسے قریب آ رہے ہیں بھارتی جارحیت کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر بھارت نے ایسی کوئی حماقت کی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بحرینی وزیر خارجہ کو افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کی کاوشوں سے آگاہ کیا۔
وی این ایس