اسلام آباد، 11 اپریل (اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ کے کونسلر آفس کا اچانک دورہ کیا ہے جہاں وہ کاغذات کی تصدیق کے لئے آئے ہوئے سائلین میں گھل مل گئے۔
جمعرات کی صبح وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اچانک وزارت خارجہ کے کونسلر آفس پہنچے، اس دوران انھوں نے کونسلر آفس میں موجود سائلین سے ان کے مسائل دریافت کئے اور موقع پر احکامات صادر کیے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اچانک دورےکا مقصد سائلین کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنا تھا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ کسی شخص نے افسران کے رویئے اور کرپشن کی شکایت نہیں کی ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ عوام الناس کی سہولت کے لیے جلد مزید اقدامات کریں گے ۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کونسلر آفس کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور افسران سے ورکنگ کے حوالے سے سوالات بھی کئے۔
وی این ایس، اسلام آباد