اسلام آباد، 28 مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کیلئے سعودی عرب روانہ ہونے سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں آرگنائزیشن آف اسلامک کنٹریز کا اجلاس ہے اس سمٹ لیول میٹنگ کے لئے وزیر اعظم بھی تشریف لے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں آج او آئی سی کے کونسل آف فارن منسٹرز کے اجلاس میں شرکت کیلئے سعودی عرب روانہ ہو رہا ہوں، اس اجلاس میں او آئی سی سربراہ اجلاس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دی جائے گی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ اجلاس اس لیے بھی بہت اہمیت کا حامل ہے کہ اس میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ ء خیال کیا جائیگااورایک نیا امن منصوبہ جس کا تذکرہ ہو رہا ہے اس پر بات چیت ہوگی ۔ اس کے علاوہ ایران کی صورتحال ،جس میں کشیدگی اور تناؤ بڑھ رہا ہے اس حوالے سے بھی گفتگو کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس اجلاس میں اپنا نکتہ نظر پیش کریگا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر رابطہ گروپ کا اجلاس بھی متوقع ہے جس میں کشمیر رابطہ گروپ کے ممبران اپنا نقطہ ء نظر پیش کریں گے۔
شاہ محمود قریشی نے مز یدکہا کہ اس کے علاوہ سائیڈ لائنز پر میری ملاقاتیں کچھ وزرائے خارجہ کے ساتھ طے ہیں او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سے بھی ملاقات ہو گی۔
سورس:وی این ایس اسلام آباد