وزارت اطلاعات کے تمام اداروں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے قریبی رابطہ کا فروغ ضروری ہے: فردوس عاشق اعوان

301

لاہور،6 جولائی(اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزارت اطلاعات کے تمام ذیلی اداروں کے پروفیشنلز کی استعداد کار بڑھانے کیلئے تمام شعبوں کے درمیان قریبی رابطہ کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

پی ٹی وی لاہور سنٹر میں پاکستان ٹیلی ویژن(پی ٹی وی)، پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن(پی بی سی) اور ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے افسران کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات کے تمام شعبوں کے قریبی رابطہ سے نہ صرف اداروں کی کارکردگی بہتر ہو گی بلکہ اہداف کے حصول میں بھی کامیابی حاصل ہو گی۔

منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی وی عامر منظور نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو پی ٹی وی لاہور سنٹر کو درپیش مختلف مسائل سے متعلق بریفنگ دی، ڈاکٹر فردوش عاشق اعوان نے منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی وی کو ہدایت کی کہ وہ نجی ٹی وی چینلز سے مقابلہ کرنے اور قومی ٹی وی کو ایک بہترین ادارہ بنانے کیلئے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم حکمت عملی تشکیل دیں،انہوں نے پی ٹی وی کے اخراجات کو کم کرنے کیلئے بھی تجاویز طلب کیں۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات نے تینوں اداروں کو درپیش مسائل سے بھی آگاہی حاصل کی۔

سورس: وی این ایس ،لاہور