وزیراعظم عمران خان کا میانوالی ایکسپریس کے اجراء پروفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا شکریہ

232

میانوالی ، 19 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے میانوالی ایکسپریس کے اجراءپر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا شکریہ ادا کیا ،میانوالی ایکسپریس سے میانوالی کے لوگوں کو ایک بہترین سفری سہولت میسر آئے گی ۔

جمعہ کو میانوالی میں میانوالی ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے  وزیر اعظم عمران خان  نے میانوالی ایکسپریس کےاجراء پر شیخ رشید احمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 1990کے بعد میانوالی کے لوگوں کا براہ راست جانا ناممکن تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد عام آدمی کے لئے آسانیاں پیدا کرنا ہے ،ٹرین کا سفر عام آدمی کا سفر ہے ، پہلا سال بہت مشکل تھا ،پیسے کی کمی تھی ،حکومت ملی تو ملک مقروض تھا ،اب آسانیاں پیدا ہورہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ انگریز کے جانے کے بعد کسی نے ریلوے سسٹم پر توجہ نہیں دی ، ایم ایل ون چین کے ساتھ ایم او یو سائن کیا ہے جس کی وجہ سے کراچی تا لاہور ،پشاور سفر آدھے سے کم ہوجائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کو ترقی دے رہے ہیں، میانوالی ایکسپریس کے آغاز سے علاقے کے لوگوں کو آسان سفر کی سہولت میسر آئے گی، ایم ایل ون منصوبے سے ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں انقلاب آئے گا، ملک کو لوٹنے والوں کے احتساب کا وعدہ پورا کریں گے، بے نامی جائیدادیں ضبط ہونا شروع ہو گئی ہیں، قوم کا لوٹا گیا پیسہ وصول کر کے غریبوں کی فلاح کے احساس پروگرام پر خرچ کیا جائے گا۔

قبل ازیں وزیراعظم نے میانوالی ایکسپریس ٹرین کا باضابطہ افتتاح کیا۔ میانوالی ایکسپریس کا میانوالی سے لاہور کا کرایہ اے سی 800 روپے جبکہ نان اے سی 350 روپے مقرر کیا گیا ہے، اس کے کل 9 سٹیشن ہوں گے۔ ٹرین میانوالی سے براستہ سرگودہا لاہور جائے گی۔

اس موقع  پر وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق بھی موجود تھے۔

سورس: وی این ایس ، اسلام آباد