مدینہ،(سعودی عرب)،07 اگست ( اے پی پی ): ڈائریکٹر جنرل حج ڈاکٹر ساجد یوسفانی نے کہا ہے کہ حج2019 کے انتظامات پچھلے 4 سالوں کے مقابلے میں بہتر ہیں۔
اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حج انتظامات 2019 کے حوالے سے ڈی جی حج نے کہا کہ پاکستان سے تقریباً ایک لاکھ سترہزار حاجی آ چکے ہیں جن میں ایک لاکھ سترہ ہزار حاجی گور نمنٹ اسکیم کے جبکہ باقی پرا ئیویٹ اسکیم کے تحت آئے ہیں، گور نمنٹ اسکیم سے آئے ایک لاکھ چودہ ہزار حاجی مکہ میں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتظامات کو بنیادی طور پر 3 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے ، پہلا حصہ رہائش ، دوسرا کھانے اور تیسرا ٹرانسپورٹ سروس ہے ۔رہائش کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عزیزیہ اور بطحہ قریش میں اعلی درجے کی عمارتیں حاصل کی ہیں ۔ کھانے کے حوالے سے سعودیہ کی لائسنس یافتہ پروفیشنل کمپنیوں کی خدمات حاصل کیں ہیں جبکہ ٹرانسپورٹ کے لیے بسوں کی 2 سروسز موجود ہیں ، ایک ہوٹل سے حرم جبکہ دوسری سروس مکہ سے مدینہ اور مدینہ سے مکہ پہنچائے گی ،تما م کی تمام بسیں نئے ماڈل کی ہیں جن میں اے سی سمیت دیگر جدید سہولیات موجود ہیں۔
طبی سہولیات کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ 600سے زائد کا عملہ موجود ہے ، 2ہسپتال موجود ہیں، ایک مکہ اور ایک مدینہ میں جبکہ 4 ڈسپنسری مدینہ اور 9 مکہ میں موجود ہیں، جو چوبیس گھنٹے حجاج کرام کی خدمت کیلئے موجود ہیں ۔
ڈی جی حج نے مزید بتایا کہ اس وقت ہماری بہت سی ٹیمیں حاجیوں سے حج انتظامات کے حوالے سے ویڈیو فیڈبیک لے کر مجھ تک پہنچا رہی ہیں تاکہ حاجیوں کو درپیش مسائل اور انتظامات کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔
وی این ایس ،مدینہ