اسلام آباد ، 23 اگست (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا ”پلانٹ فار پاکستان” وژن سیاسی مقاصد کا نہیں بلکہ ملک اور قوم کی بقاء کا وژن ہے، ماحولیاتی آلودگی اور گھٹن کو کم کرنے کیلئے درخت لگانا بہت ضروری ہیں، درست وقت پر درست فیصلے قیادت کی بصیرت کے عکاس ہوتے ہیں اسی لئے سرسبز اور صاف ستھرا پاکستان کو پی ٹی آئی نے اپنے منشور کا حصہ بنایا ہے، ”آئو پاکستان کو سرسبز بنائیں” کے پروگرام میں مشعال ملک کی موجودگی اس بات کی غمازی ہے کہ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے زیر اہتمام پبلک ٹی وی اور انٹر سٹیٹ کے تعاون سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں 100 ملین درخت لگانے کی ملک گیر مہم کے آغاز کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو یہاں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقد ہوئی۔
معاون خصوصی اطلاعات و نشریات نے کہا کہ فیڈریشن آف چیمبرز آف کامرس نے ذاتی کاروباری مفاد کی بجائے قومی مفاد کیلئے جو قدم اٹھایا ہے وہ مقصد انسانیت کی بقاء کا مقصد ہے اور آج حکومت یہاں کچھ دینے نہیں پاکستان کیلئے کچھ لینے آئی ہے اور یہ وہ قومی ذمہ داری ہے جسے وزیراعظم نے پلانٹ فار پاکستان کا نام دے کر ایک تحریک کی شکل دیدی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نعرہ کسی سیاسی مقصد سے بالاتر ہو کر ملکی مفاد میں لگایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قیادت کی بصیرت ہوتی ہے کہ وہ درست وقت پر درست فیصلے کرے اور جب ہم درخت کاٹتے ہیں تو اپنے جسم پر کلہاڑا چلا رہے ہوتے ہیں، صحت مند ماحول نہیں ہو گا اور درخت نہیں ہوں گے تو بیماریاں بڑھ جائیں گی اور نجی شراکت داری، قومی جذبہ اور عزم کے بغیر سرسبز پاکستان کی کوششیں کامیاب نہیں ہو سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ مشعال ملک کی یہاں موجودگی اس بات کی غمازی ہے کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ کشمیری آج بھی ہندوستان کے مظالم کے سامنے چٹان بن کر کھڑے ہیں اور ثابت کر رہے ہیں کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں، کشمیریوں کا دکھ اور آنسو ہم اپنے سینے پر درد کی طرح محسوس کرتے ہیں۔
اس موقع پر کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہر لحاظ کشمیر پاکستان کیلئے اہمیت رکھتا ہے، پاکستان میں شجرکاری کیلئے پانی بھی کشمیر سے آتا ہے اور بھارت نے جس تازہ آبی جارحیت کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل مذمت ہے۔
قبل ازیں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور محمد اعظم خان سواتی، معروف کاروباری شخصیت ایس ایم منیر اور ایف پی سی سی آئی کے چیئرمین دارو خان اچکزئی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
سورس: وی این ایس، اسلام آباد