بھارت نے  یو این قراردادوں کی خلاف ورزی کر کے کشمیری عوام  سے ان کے  حقوق چھین لیے  ہیں : اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

167

اسلام آباد،26اگست(اے پی پی ):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا  ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت اقوام متحدہ کی قرادادوں کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، پہلی دفعہ ایک آئینی ترمیم کی گئی جس میں کسی بھی کشمیری عوام  کو نہیں پوچھا گیا، مقبوضہ کشمیر میں جو انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے برطانوی پارلیمنیٹیرنیز اس کے خلاف اپنی پارلیمنٹ میں آواز اٹھائیں گے۔

برطانوی پارلیمانی وفد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر  نے کہا کہ میں برطانوی پارلیمانی وفد کو خوش آمدید  کرتا ہوں کہ اس مشکل وقت میں انہوں نے پاکستان کا دورہ کیا۔ یوکے کا  پارلیمانی وفد یہاں  مقبوضہ کشمیر کی صورتحال  جاننے آیا ہے۔ انہوں نے کہا پارلیمانی سفارتکاری کی طرف یہ پہلا قدم ہے،یو کے پارلیمنٹ کے اراکین پارلیمانی سفارت کار ی کے زریعے کشمیریوں کی آواز اٹھائیں گے، میں خود بھی  برطانیہ  جا کر دنیا کو مقبوضہ کشمیر کی حقیقت بتاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت بدترین انسانی المیہ جاری ہے ،مودی سرکار جو کہ ایک بہت بڑی جمہوریت کا دعوی کرتی ہے اس کے اس اقدام سے بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آ گیا ہے۔ وہاں کرفیو کی وجہ سے ناصرف انسانی حقوق کی پامالی کی جارہی ہے بلکہ کھانے پینے کی اشیاء سمیت دوائیوں کی بھی قلت ہو چکی ہے۔

ا س موقع پر  رکن  بر طانوی پارلیمنٹ خالد محمود  نے  کہا کہ ستر سالوں سے کشمیری خون میں نہا رہے ہیں، اس وقت  وہاں میڈیا بلیک آؤٹ ہے ،ہم نہیں جانتے کہ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں کیا ہو رہا ہے۔ہم وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزی  کی مذمت کرتے ہیں  اور اس پر تشویش کااظہار کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر پر پاکستان کا موقف جاننے آئے ہیں ، یو این قراردادوں کی خلاف ورزی کررہا ہے،ہمیں کشمیریوں کی نسل کشی کا خدشہ ہے، ہم چاہتے ہیں کہ کشمیری معمول کی زندگی کی طرف واپس آئیں۔

 برطانوی پارلیمانی وفد  کے رکن سٹیفن سا ئمنڈر نے کہا کہ ہمیں اصل میں کشمیر ایشو کو سمجھنا ہو گا،کشمیر میں  لوگ اپنے عزیزوں سے کٹ کر رہ گئے ہیں،کشمیر کا سٹیٹس تبدیل کرنے کے لیے کشمیریوں کی مرضی ضروری ہے۔عالمی دنیا اس طرف توجہ دے،انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ انتہائی حساس اور اہم  ہے  ہم اسے  برطانوی پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے۔

رکن برطانوی پارلیمنٹ عمران سہیل نے کہا کہ کشمیر میں  جو کچھ ہو رہا ہے ہمارے لیے باعث تشویش ہے،بھارت نے یک طرفہ اقدامات اٹھائے اور یو این قراردادوں اور جنیوا کنونشن  کی خلاف ورزی کی،سلامتی کونسل کے تمام اراکین کو بھارتی اقدامات کی مذمت کرنی چاہیے۔

چئیرمین کشمیر کمیٹی فخر امام نے کہا کہ مسئلہ کشمیر  پر پوری پاکستانی قوم متحد ہے یہ ہماری شہ رگ ہے،کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے،کشمیر  کے مستقبل کا فیصلہ وہاں کے عوام نے کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی  برادری اس مسئلہ کا  نوٹس لے جبکہ سلامتی کونسل کے اراکین مقبوضہ کشمیر  سے  فوری کرفیو اٹھانے کا مطالبہ کریں۔

وی  این ایس، اسلام آباد