معاشرے کے کمزور اور پسماندہ طبقے کو سماجی تحفظ فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے:صدرڈاکٹر عارف علوی

182

اسلام آباد ، 28 اگست (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ”احساس” پروگرام اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے منصفانہ اور غیر سیاسی حکمت عملی کی پیروی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرے کے اقتصادی طور پر کمزور اور پسماندہ طبقے کو سماجی تحفظ فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے دوران احساس پروگرام اور بی آئی ایس پی کے بارے میں بریفنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی و چیئرپرسن بی آئی ایس پی ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور سینئر حکام اس موقع پر موجود تھے۔

صدر مملکت نے ان پروگراموں کی رسائی کو بڑھانے کے لئے عوام کی سماجی بہبود کے شعبہ میں کام کرنے والی نجی تنظیموں کے ساتھ موثر رابطہ کار کی ضرورت پر زور دیا۔ جدید ترین ڈیٹا بیس تیار کرنے کے لئے ”قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری” کے کام کو سراہتے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ڈیٹا جمع کرنا اور اس کی ڈیجیٹلائزیشن ان پروگراموں کی کامیابی اور موثر عملدرآمد کے لئے بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے ادائیگیوں کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے سمارٹ فون ایپلیکیشن اور موبائل والٹ جیسی جدید ترین ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وسیلہ تعلیم پروگرام کو سکولوں میں بچیوں کے اندراج کو بہتر بنانے کے لئے مزید تقویت دی جائے۔

بی آئی ایس پی کے نیوٹریشن کے پروگرام کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مختلف ذرائع سے عوامی آگاہی مہمات بھی شروع کی جانی چاہیے تاکہ غذائیت اور نشو و نما میں کمی کے مسائل کو حل کیا جا سکے۔ صدر نے بی آئی ایس پی کے گریجوایشن پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس پروگرام سے مستفید ہونے والے افراد کو ہنر سیکھ کر اپنے پائوں پر کھڑا ہونے میں مدد ملے گی اور اس طرح وہ غربت کے چنگل سے نکل سکیں گے۔

وی این ایس، اسلام آباد