اسلام آباد، 02 ستمبر ( اے پی پی): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں پی ایم ایل این کے لیڈر احسن اقبال کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہےکہ کشمیر پوری قوم کا مشترکہ کاز ہے،اس مسئلے پر قومی یکجہتی کی فضا کو سیاست کی نظر نہ کریں۔ آپ بتائیں کہ 5 اگست سے لیکر اب تک آپکی جماعت یا متحدہ اپوزیشن نے مظلوم کشمیریوں کے حق میں کیا آواز بلند کی؟کوئی جلسہ،ریلی، اجتماع یا سیمینار تک منعقد کیا؟
ان کی جانب سے کیے گئے ایک ٹویٹ میں ان کا کہنا تھاکہ ایک اے پی سی منعقد ہوئی جسکا ٹاپ ایجنڈا اقتدار کا چاند دیکھنے اور قیادتوں کی لوٹی دولت بچانے کے سوا کچھ نہ تھا۔ جس مؤثر انداز سے مسئلہ کشمیر عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نے اجاگر کیا اور بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ہوئی اسکی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ ملکی معیشت کے پہیے پنکچر کرنے والے آج کس منہ سے دوسروں کو لیکچر دے رہے ہیں؟
وزیراعظم کے وژن کے مطابق معیشت کی بہتری اور اصلاحات کے ایجنڈے پر کاربند ہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ برآمدات میں اضافہ، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے اور درآمدات میں واضح کمی آئی ہے۔ ٹیکس گزاروں کی تعداد میں اضافے کی کاوشیں بھی رنگ لا رہی ہیں۔
وی این ایس، اسلام آباد