اسلام آباد ، 04 ستمبر ( اے پی پی ): وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے 6ستمبر کو یوم دفاع کشمیر کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی برادری کے وعدوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل ہونا چاہیے۔آزادی کیلئے جدوجہد انسان کا حق ہے ۔کشمیر پاکستان کا دفاعی حصار ہے،کشمیریوں سے ہمارا اٹل رشتہ ہے۔
کشمیر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کشمیریوں کے درد کو اپنا دکھ سمجھتی ہے ۔ پاکستان کی کشمیریوں کی حمایت ان کیلئے حوصلہ افزاء ہے۔ کشمیری انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی برادری کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان نے عالمی سطح پر بھارت کا فاشسٹ چہرہ دنیا کو دکھایا ہے۔وزیراعظم عمران خان جرات اور بہادری سے کشمیریوں کے وکیل بن کر سامنے آئے۔انہوں نے کہا کہ مسلم امہ متحد ہو کر مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ہٹانے کا مطالبہ کرے ۔وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کیساتھ اپنے مقدس رشتے کو نبھانے کیلئے پر عزم ہیں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ یونیورسٹی کے طلباء پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر رہےہیں۔ یونیورسٹی میں بیرون ملک سے آئے طلباء ہمارے وکیل ہیں ۔غیر ملکی طلباء پاکستان کے بیانیے کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہونگے۔
سورس : وی این ایس ، سلام ٖآباد











