وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں جرآت مند قائد بن کر امت مسلمہ، کشمیر اور قوم کا مقدمہ لڑا : ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

170

سیالکوٹ ، 28 ستمبر (اے پی پی): وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں مرد حر اور اسلام کے حقیقی سپاہی اور جرآت مند قائد بن کر امت مسلمہ، کشمیر اور قوم کا مقدمہ لڑا جس پر پوری قوم انہیں خراج تحسین پیش کر تی ہے، اس تاریخی موقع پر گنہ کلاں کے عوام بھی مبارکباد کے مستحق ہیں جنھیں آج سوئی گیس فراہم کی جا رہی ہے اور یہ سہرا بھی وزیر اعظم عمران خان کے سر جاتا ہے، پاکستان کے دیہی علاقوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے ، آپ کی یہ بہن اور بیٹی آپ کی محبت کا قرض گنہ کلاں کو بنیادی سہولیات فراہم کر کے ادا کرنے آئی ہے، اگلے مرحلہ میں جلد چھوٹا گنہ اور دیگر دیہات کو بھی گیس اور پینے کا صاف پانی فراہم کریں گے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں سیالکوٹ کے نواحی سرحدی گاﺅں گنہ کلاں میں سوئی گیس اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے سلسلہ میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب سے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بھی خطاب کیا۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ میرے اس حلقہ کے عوام نے انتخابات میں میرے ساتھ جس محبت کا اظہار کیا اس پر ماضی میں انہیں نظر انداز کیا گیا اور بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج فرزند کشمیر شیخ رشید کے ہمراہ ہم خالی ہاتھ نہیں آئے گیس کا تحفہ لیکر آئے ہیں ،واٹر فلٹریشن پلانٹس کی سہولت بھی فراہم کریں گےاور اس حلقہ کے عوام کی ماضی کی محرومیوں کو ختم کریں گے۔

 ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میرے حلقے سے پانچ منٹ کی مسافت پر وہ مقبوضہ وادی ہے جسے بھارتی قابض افواج نے دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر رکھا ہے اور بھارت کی سرحد پار خلاف ورزیوں سے یہاں کے بے گناہ شہریوں کو بھی نشانہ بنایا جاتا ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کئی دہائیوں بعد کسی نے اقوام متحدہ میں کشمیریوں کا اور امت مسلمہ کا مقدمہ لڑا ہے، وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں مرد حر اور اسلام کے حقیقی سپاہی کی طرح مقدمہ لڑا اور عالمی طاقتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر خود کو حقیقی معنوں میں عالمی رہنما ثابت کیا ہے۔

وی این ایس، اسلام آباد