کراچی، 30 ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال پہلے سے زیادہ تسلی بخش ہو گئی ہے، سری لنکا کی طرح دیگر غیر ملکی ٹیموں کو بھی پاکستان آکر کھیلنا چاہئے، آہستہ آہستہ دیگر ملکوں کی ٹیمیں بھی پاکستان آنا شروع ہوجائیں گی، بطور صدر مملکت میچ دیکھنا اچھا لگ رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیر کو یہاں نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلے جانے والے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرنے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ذاتی طور پر بے حد خوشی ہورہی ہے کہ سری لنکا کی ٹیم پاکستان میں ایک روزہ بین الاقوامی اور ٹی ٹوئنٹی کی سیریز کھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کا مقدمہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں بہت اچھی طرح لڑا ہے، ہر پاکستانی مطمئن ہے کہ کشمیر اور مسلمانوں کا معاملہ اقوام متحدہ میں بہت اچھی طرح اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کشمیر کے حوالے سے جو تبصرہ کیا وہ بہت بڑی بات ہے، بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک برتا جا رہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اگر جنگ کی نوبت آتی ہے تو پاکستان آخری دم تک لڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام عالم میں اہمیت اختیار کر چکا ہے اور دنیا پاکستان کی بات کو سنجیدگی سے سن رہی ہے۔
ایک سوال پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ بورڈز کے افسران سے درخواست کرونگا کہ ٹیسٹ سیریز بھی کھیلیں۔
وی این ایس، کراچی