ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران کے وفد کی ملاقات

151

اسلام آباد، 30 ستمبر ( اے پی پی): وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی سربراہی صدر فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین شیخ امجد رشید کر رہے تھے ۔  ملاقات میں  وفد نے معاون خصوصی کو فلمی صنعت کے مسائل سے تفصیلی آگاہ کیا ۔ شیخ امجد رشید کا کہنا تھا کہ فلمی صنعت کی ترقی کیلئے حکومتی سرپرستی اور حوصلہ افزائی نہایت ضروری ہے ۔

اس موقع پر   معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ  پاکستان تحریک انصاف کی حکومت فلمی صنعت کی ترقی اور بحالی کیلئے پر عزم ہے ۔ وزیراعظم عمران خان فلمی شعبے کی بحالی کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں ،ان کا وژن ہے کہ ملکی ثقافت ،روایات اور مذہبی اقدار کے ساتھ جڑے ڈرامے اور فلمیں بنائی جائیں ۔  ہم نے پرعزم،پرامن اور پر کشش پاکستان کی تصویر دنیا کے سامنے پیش کرنی ہے ۔  پاکستان عظیم ثقافتی ورثے کا امین ہے ۔  ہم نے پاکستان کا روشن چہرہ پوری دنیا میں روشناس کرانا ہے ۔  دہشت گردی نے ہماری ہمہ جہت ثقافت کو لہو لہان کیا ، ہمارے حقیقی تشخص کو مسخ کیا گیا ۔ فلم کے تخلیقی میڈیم کو پاکستان کے عظیم ثقافتی ورثے اور اقدار کو دنیا تک پہنچانے کیلئے استعمال کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فلمیں کسی بھی معاشرے کی اصلاح اور اقدار کو اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ ہوتی ہیں ۔ ہم فلمی صنعت کو درپیش مسائل کا بغور جائزہ لے رہے ہیں ۔فلم سے منسلک پالیسی کو تمام اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز اور ترجیحات سے ہم آہنگ ہونا ضروری ہے ۔ تمام اسٹیک ہولڈرز فلم پالیسی کا جائزہ لیں ، مثبت تجاویز کا خیر مقدم کریں گے ۔ ایگزیبٹرز اور پروڈیوسر ز کے مابین تعاون اور ہم آہنگی کو تقویت دینے کی ضرورت ہے ۔ فلم کے شعبے میں چین ،ایران،سعودی عرب اور ترکی کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط اور موثر بنائیں گے ۔

ڈاکٹر فردوس عاشق کا مزید کہنا تھا کہ  پی ٹی وی نئی بننے والی فلموں کے تعارف کیلئے پروگرام ترتیب دے گا ۔  شعبہ ء فلم میں پڑھے لکھے نوجوان گہری دلچسپی لے رہے ہیں ،حکومت ان کی بھرپورحوصلہ افزائی کرے گی ۔  فلمی صنعت کی بحالی کے حوالے سے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے ،اس ضمن میں وزارتِ اطلاعات فوکل پرسنز تعینات کرے گی ۔ پروڈیوسرز اور ایگزیبٹیرز بھی بہتر کوارڈینیشن کیلئے فوکل پرسنز مامور کریں تا کہ ایک ٹیم تشکیل پا سکے ۔

 اس موقع پر شیخ امجد رشید نے وزیراعظم عمران خان کے اقوام متحدہ کے تاریخی خطاب کو بھی سراہا ۔

وی  این  ایس، اسلام آباد