لاہور،3 0اکتوبر(اے پی پی ): صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں دی جانیوالی ڈینٹسٹ کی تعلیم دنیا کی بہترین تعلیم میں سے ایک ہے، پاکستان ایک عظیم ملک ہے اور اس میں رہنے والے لوگ انتہائی محنتی اورفرض شناس ہیں، قومیں اس وقت بنتی ہیں جب قوم کا ایک ایک فرد مظلوم کواپنے ساتھ کھڑا کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے، موجودہ دور میں ہمیں ڈینٹل کی کوالٹی اوراس کیلئے دی جانیوالی ادویات پربات کرنے کی ضرورت ہے، وہ جمعرات کی شام ایکسپوسنٹرلاہور میں انٹرنیشنل ڈینٹل کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، صدرمملکت نے کہا کہ ہمارے پیارے نبی حضر ت محمدﷺکی 22 حدیث موجود ہیں جن میں آپ نے دانتوں میں مسواک اور صفائی رکھنے کا فرمایا ہے، پاکستان اتنا مخیرملک ہے کہ مجھے کبھی فکر نہیں ہوئی کہ یہاں پرکبھی ایسے مسائل پیش آئیں جن کو حل نہ کیاجاسکے، پاکستان میں صحت بہت بڑا مسئلہ ہے جس کے حل کیلئے وزیراعظم عمران خان بھرپور اقدامات اٹھا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ صحت کے مسائل کو حل کرنے کیلئے پوری پاکستانی قوم اپنا کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ اس ملک کیلئے فکرمند آپ نہیں ہونگے توکون ہو گا جب آپ لوگوں میں انسانی خدمت کاجذبہ جاگ جائیگا توکوئی بھی طاقت آپ کو شکست نہیں دے سکتی، انہوں نے کہا کہ ہمیں بیماریوں کے آنے کا انتظار کرنے کی بجائے ان سے بچنے کیلئے حفاظتی اقدامات کرنا چاہئیں، صدر مملکت نے کہا کہ جب آپ لوگ اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے بیرون ممالک میں جاتے ہیں تو یہ پاکستان کو بہت مہنگا پڑتا ہے اور پھر ہم اس تعلیم کواچھی شادی کرکے ضائع ہونے دیتے ہیں جو کہ سراسر ناانصافی ہے ہمیں اچھی تعلیم کو کبھی بھی ضائع نہئں ہونے دینا چاہئے، ہمیں ایک ایسا سسٹم بنانے کی ضرورت ہے کہ جب بھی کوئی اعلیٰ تعلیم کے کچھ سالوں بعد دوبارہ سسٹم میں آنا چاہے تو اس کو ضائع نہ ہونے دیا جائے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معیاری تعلیم کے بیشمار مواقعے موجود ہیں جن سے ہمیں بھرپور استفادہ حاصل کرتے ہوئے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے کیونکہ پاکستانی ایک عظیم قوم ہیں اور یہ محنت کے جذبے سے سرشار ہیں، انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا انعقادکرنا آسان کام نہیں‘ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے ایک عظیم کانفرنس کروا کر اہم فریضہ سرانجام دیا ہے، اس موقع پر صدر مملکت پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان سمیت باہر سے آنیوالے مندوبین کو شیلڈز دیں، کانفرنس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد‘ وائس چانسلر یونیورسٹی ہیلتھ سائنسز پروفیسرڈاکٹرجاویداکرم‘ وائس چانسلرکنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر خالد مسعود گوندل‘وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹرعامر زمان خان، ایم ایس پنجاب ڈینٹل ہسپتال ڈاکٹر عاصم فاروقی‘ مختلف ممالک کے سفیروں‘ اساتذہ‘ پروفیسرز اور طلبہ وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
سورس: وی این ایس، لاہور