نبی اکرمﷺ کی حیات مبارکہ کا ہر پہلو تاریخ میں محفوظ ہے جس کی پیروی کرکے ہم اپنی زندگیوں کو سنوار سکتے ہیں:وزیرِاعظم عمران خان کی جید مشائخ عظام کے وفد سے گفتگو

160

اسلام آباد ۔ 24 اکتوبر (اے پی پی) وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے اقوام عالم میں اپنا مقام حاصل کرنا ہے اور عظیم قوم بننا ہے جس کیلئے ہمیں ریاست مدینہ کے اصولوں پر عمل پیرا ہونا ہو گا، نبی اکرم کی حیات مبارکہ کا ہر پہلو تاریخ میں محفوظ ہے جس کی پیروی کرکے ہم اپنی زندگیوں کو سنوار سکتے ہیں، جدید ٹیکنالوجی کے دور میں ہمیں اپنی نوجوان نسل کو بیرونی ثقافتی یلغار سے محفوظ رکھنے، اسلام کے تشخص اور اپنی روایات اور تہذیب و تمدن سے روشناس کرانے کیلئے ضروری ہے کہ قومی تشخص اور صوفیاءکرام کی تعلیمات کو اجاگر کیا جائے۔ جمعرات کو جید مشائخ عظام کے وفد نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مسئلہ کشمیر خصوصاً وزیرِاعظم کی جانب سے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پرکشمیرکی صورتحال کو اجاگر کرنے، دین اسلام کے اصل تشخص کو پیش کرنے، ناموس رسالت کے تحفظ اور اسلام فوبیا کے تدارک کے حوالہ سے کی جانے والی تاریخی تقریر، ملک میں نوجوان نسل کو صوفیاءکرام کی تعلیمات سے روشناس کرانے کے سلسلہ میں وزیرِاعظم کی جانب سے یونیورسٹیوں میں سیرت چیئرز کے قیام اور القادر یونیورسٹی کے قیام جیسے منصوبوں، غرباءاور نادار افراد کےلئے ملک بھر میں احساس پروگرام کے تحت لنگر خانوں کا قیام، اسلام کی ترویج، اسلامی شخصیات اور اسلام کے تشخص کو اجاگر کرنے کےلئے ترکی اور ملائیشیا کے تعاون سے میڈیا ہاؤس کے قیام کے منصوبے اور ملکی استحکام و تعمیر و ترقی کیلئے موجودہ حکومت کے اقدامات اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ نبی کریم کی حیات مبارکہ تمام انسانوں کےلئے مشعل راہ ہے جس کی پیروی کرکے ہم صحیح معنوں میں مکمل مسلمان اور کامیابیوں کی منازل طے کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی کریم کی حیاتِ مبارکہ کا ہر پہلو تاریخ میں محفوظ ہے جس کی پیروی کرکے ہم اپنی زندگیوں کو سنوار سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعات میں سیرت چیئرز کے قیام کا مقصد یہ ہے کہ آنحضور کی حیاتِ مبارکہ اور اسلام کے بارے میں جامع تحقیق کی جائے اور طالب علموں اور نوجوان نسل کو اس سے آگاہی فراہم کی جائے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ اگر ہم نے اقوام عالم میں اپنا مقام حاصل کرنا ہے اور عظیم قوم بننا ہے تو ہمیں ریاست مدینہ کے اصولوں پر عمل پیرا ہونا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر ڈھالنے کا خواب ان کا دیرینہ مشن ہے جس کا اظہار انہوں نے حکومت کی باگ دوڑ سنبھالنے کے بعد کیا تاکہ اس خواب کو عملی جامہ پہنانے کی طرف پیش قدمی کی جا سکے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے دور میں نوجوان نسل کو بیرونی ثقافتی یلغار سے محفوظ رکھنے ، اسلام کے تشخص اور اپنی روایات اور تہذیب و تمدن سے روشناس کرانے کےلئے ضروری ہے کہ قومی تشخص اور خصوصاً صوفیاءکرام کی تعلیمات کو اجاگر کیا جائے۔ وفد میں شامل مختلف علماءکرام اور مشائخ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِاعظم کی اقوام متحدہ میں کی جانے والی تاریخی تقریر پر وزیرِاعظم کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِاعظم نے اپنی تقریر میں نہ صرف پاکستانی عوام بلکہ پوری امت کی ترجمانی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم نے جس مدبرانہ اور ماہرانہ اندانہ میں اسلام کی تعریف کرتے ہوئے یہ کہا کہ پوری دنیا میں صرف ایک ہی اسلام ہے اس نے نہ صرف اسلام کے اصل تشخص کی ترجمانی کی ہے بلکہ دنیا بھر میں پھیلے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات کی ترجمانی کی ہے۔ آپ کی تقریر نے جہاں آنکھوں کو کھولا ہے وہاں دلوں کو بھی کھولا ہے۔ علماءکرام نے وزیرِاعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِاعظم کی تاریخی تقریر نے جہاں انہیں مسلمانوں کا لیڈر بنا دیا ہے وہاں ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ وفد نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھانے، اسلام کے اصل تشخص کو اجاگر کرنے، ناموس رسالت کے تحفظ اور کشمیر کے مسئلہ پر علماءکرام اور مشائخ وزیرِاعظم کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف سلسلوں سے تعلق رکھنے والے مشائخ اور ان کے لاکھوں پیروکار وزیرِاعظم کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ان کے ساتھ ہیں اور دعاگو ہیں کہ وہ اپنے مشن میں کامیاب ہوں۔ مشائخ کرام نے وزیراعظم کی جانب سے القادر یونیورسٹی اور مختلف جامعات میں سیرت چیئرز کے قیام کے اقدام کو بھی سراہا۔ انہوں نے نوجوان نسل کو صوفیاءکرام کی شخصیات اور ان کی تعلیمات سے روشناس کرانے کے ضمن میں مختلف تجاویز پیش کیں۔ مشائخ کرام نے اوقاف کی املاک کے بہتر انتظام کے حوالہ سے حکومتی کاوشوں خصوصاً اوقاف کی املاک کو عوامی فلاح و بہبود کےلئے بروئے کار لانے اور درگاہوں کی آمدنی کو زائرین کےلئے بہتر سہولیات کی فراہمی کےلئے استعمال کرنے کے اقدامات کو سراہا اور اس ضمن میں مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔ مشائخ کرام نے ملکی استحکام اور تعمیر و ترقی کے ضمن میں وزیرِاعظم کو اپنی مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات کے اختتام پر ملکی ترقی و استحکام اور خصوصاً پاکستان کو ریاستِ مدینہ کی طرز پر ڈھالنے کےلئے وزیرِاعظم کی کاوشوں کی کامیابی کےلئے خصوصی طور پر دعا کی گئی۔

سورس: و ی این ایس، اسلام آباد