گلگت بلتستان کو قدرت نے بے پناہ وسائل سے نوازا، سیاحت کو  فروغ دینے سے خطے کی ترقی ممکن ہو سکے گی: وزیر اعظم

154

گلگت، یکم نومبر (اے پی پی): وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو قدرت نے بے پناہ وسائل سے نوازا ہے۔ اس علاقے میں سیاحت کے فروغ کے لیے بیش بہا مواقع موجود ہیں جن کو بروئے کار لا کراس خطے کی ترقی ممکن ہو سکے گی۔ گلگت بلتستان حکومت مزید چھوٹے پن بجلی گھر قائم کرنے کے حوالے سے منصوبہ بندی کرے جس میں وفاقی حکومت بھی مدد کرے گی۔سی پیک منصوبوں کی بدولت اس خطے کی ترقی دیدنی ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو  گلگت میں اعلیٰ سطحی  اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر امور کشمیر اور گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور، گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون، وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان، سینیٹر فیصل جاوید، گلگت بلتستان اسمبلی کے اراکین اور حکومت کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے وزیراعظم کو گلگت بلتستان کے انتظامی امور، ترقیاتی منصوبوں اور سیکورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعظم کو گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں بشمول سڑکوں کی تعمیر، صحت کی سہولیات، پن بجلی کے منصوبوں، شجرکاری اور سیاحت کے فروغ کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

وزیر اعظم نے کہاکہ گلگت بلتستان کو قدرت نے بے پناہ وسائل سے نوازا ہے۔ اس علاقے میں سیاحت کے فروغ کے لیے بیش بہا مواقع موجود ہیں جن کو بروئے کار لا کراس خطے کی ترقی ممکن ہو سکے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت مزید چھوٹے پن بجلی گھر قائم کرنے کے حوالے سے منصوبہ بندی کرے جس میں وفاقی حکومت بھی مدد کرے گی۔

 وزیراعظم کو سی پیک منصوبوں میں شامل گلگت۔ شندور۔ چترال روڈ، 100 میگاواٹ گلگت پن بجلی منصوبہ اور 80 میگاواٹ پھنڈر پن بجلی منصوبہ پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کی بدولت اس خطے کی ترقی دیدنی ہوگی۔

وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ سرسبز پاکستان پروگرام کے تحت گلگت بلتستان میں 180 ملین پودے لگائے جائیں گے۔ وزیر اعظم نے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور کو ہدایت کی کہ وہ گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں درپیش مسائل کو متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر جلد حل کریں۔

وزیر اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت ہر ممکن طریقے سے گلگت بل بلتستان حکومت کی مدد کرے گی۔ گلگت بلتستان کی غیور عوام کا بھی پاکستان پر اتنا ہی حق ہے جتنا باقی صوبوں کا ہے۔

 وی این ایس، اسلا م آباد