بچوں کی صحت کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر اقوام متحدہ کے ادارے برائے خوراک کا اظہار اطمینان

126

اسلام آباد،29 نومبر(اے پی پی): اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک کے سربراہ برائے پاکستان فین بر کوررن نے کم خوراک کے شکار بچوں کے حوالے سے موجودہ حکومت کی فکرمندی اور اقدامات کی کھل کر تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی پہلی تقریر میں ان بچوں کو یاد رکھا جو غیرمعیاری خوراک کی وجہ سے مناسب نشو نما سے محروم ہیں۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک کی مشیر اورسلطنت اردن کی شہزادی سارہ زید کے چار روزہ سرکاری دورہ کے اختتام پر اے پی پی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے مسٹر کوررن نے بتایا کہ پاکستان میں خوراک کی کوئی کمی نہیں۔ یہاں ضیافتوں اور کھانے پینے کا ایک بھرپور کلچر ہے ۔ اس کے باجود بچے صحت مندغذا اگر پسند نہ کریں تو یہ والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں میں غذائیت اور صحت مند کھانے کا شعور اجاگر کریں۔

انہوں نے کہا کہ  بچوں تک صحت مند کھانا پہنچانے اور غذائیت کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے حوالے سے پاکستانی حکومت کا عزم ہر سطح پر متحرک نظر آتاہے۔ اس طرح مقامی وسائل کو بچوں کی صحت کے لئے بروئے کار لانے کی خواہش بھی ایک قابل قدر اور قابل عمل سوچ ہے اور سوچ کو بین الاقوامی کوششوں سے ہم آہنگ کرنے کی جستجو اس بات کی ضمانت ہے کہ پاکستان اپنے بچوں کی غذائی ضروریات کے حوالے سے بہت جلد بہتری کے مراحل طے کرے گا۔

سروس :وی این ایس، اسلام آباد