اسلام آباد ، 29 نومبر (اے پی پی): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت معاشرے کے کمزور اور نظر انداز طبقات کی فلاح و بہبود کے لئے پرعزم ہے، خواتین کو با اختیاربنانے اور زندگی کے مختلف شعبوں میں نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرنا بھی حکومت کی ترجیحات کا حصہ ہے۔
پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کمینارا سے ملاقات میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی جمہوریت کا ایک اہم جزو ہے اور پاکستان میں میڈیا اس آزادی سے لطف اندوز ہو رہا ہے جس کی کہیں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت آزادی اظہار کے بنیادی اور آئینی حق پر مکمل یقین رکھتی ہے اور میڈیا اور صحافیوں کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی آزادی کے لئے سہولیات فراہم کرتی رہے گی۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں جمہوری اقدار اور تکثریت جیسی یکساں اقدار پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے پائیدار اور دیر پا تذویراتی شراکت داری قائم کرنے کے لئے مل کر کام کر کے موجودہ مثبت رفتار کوآگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ موجودہ جمہوری اقدار کی وجہ سے اصلاحات کے پروگرام کو مناسب انداز میں آگے بڑھایا جا رہا ہے اور گورننس کے امور میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کفایت شعاری کے اقدامات متعارف کرائے اور سادگی سے آگے بڑھتے ہوئے ماضی کے حکمرانوں کے شاہانہ طرز زندگی کی حوصلہ شکنی کی۔
یورپی یونین کی سفیر نے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے اور یہاں کے عوام مہمان نواز ہیں۔ انہوں نے حیرانگی کا اظہار کیا کہ جس طرح کا یہ حقیقی عظیم ملک ہے، اس کے تشخص کو بیرونی دنیا میں اس طرح اجاگر نہیں کیا گیا۔ انہوں نے زلزلہ متاثرین کو معاونت کی فراہمی کے علاوہ پاکستان میں یورپی یونین کی طرف سے اٹھائے گئے مختلف اقدامات اور پروگراموں کو اجاگر کیا۔
یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کمینارا نے معاون خصوصی کو یکم سے 10 دسمبر 2019ءتک پاکستان کے مختلف شہروں میں منعقد کئے جانے والے ہیومن رائٹس ریل فلم فیسٹیول کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیسٹیول میں اظہار رائے کی آزادی، صنفی مسابقت، اقلیتوں کے حقوق اور موسمی تغیر وغیرہ جیسے موضوعات پر مبنی 27 سے زائد فلموں کی نمائش کی جائے گی۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی نے فیسٹیول کے انعقاد کئے جانے پر یورپی یونین کی سفیر کو مبارکباد دی اور کہا کہ انسانی حقوق کے مسائل کو آگے پہنچانے اور ان کے حل کے حوالے سے فلمیں ایک اہم میڈیا کا درجہ رکھتی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان انسانی حقوق کی پاسداری کرتا ہے کیونکہ یہ پاکستان کے آئین کا بنیادی حصہ ہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور یورپی یونین کی سفیر نے میڈیا کے شعبوں میں تعاون کو مستحکم بنانے کے علاوہ صحافیوں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے وفود کے تبادلوں پر بھی اتفاق کیا تاکہ ایک دوسرے کے تجربات اور مختلف شعبوں میں بہترین عوامل کا جائزہ لیا جا سکے۔
ملاقات کے دوران وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اور ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ بھی موجود تھے۔
سورس: وی این ایس، اسلام آباد