وزیر اعظم نے اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے وفاق کی سطح پر پرائس کنٹرول اتھارٹی کے قیام کی ہدایت کی ہے:ڈاکٹر فردوس

142

اسلام آباد ،05 دسمبر (اے پی پی): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے وفاق کی سطح پر پرائس کنٹرول اتھارٹی کے قیام اور دودھ سمیت کھانے پینے کی اشیاءمیں ملاوٹ کی روک تھام کیلئے صوبوں کو فوری اقدامات اٹھانے، گھروں کی تعمیرات پر سیلز ٹیکس کے خاتمے، ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں کمی کیلئے متعلقہ اداروں کو اقدامات اٹھانے کی ہدایات دیدی ہیں، ہاﺅسنگ اور رئیل اسٹیٹ کی صنعت سے منسلک لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے آن لائن ڈیجیٹل پورٹل کا قیام عمل میں لایا جائے گا، دھوکہ دہی، فراڈ اور قبضے کی روک تھام کیلئے ای اسٹامپ پیپر کا اجراءکیا جا رہا ہے، گھروں کی تعمیر پر فکس ٹیکس عائد کیا جائے گا، ڈیجیٹل پاکستان کے ذریعے عام آدمی کو معلومات تک رسائی ہو گی، ای گورننس کے ذریعے شفافیت کو فروغ ملے گا، ڈیجیٹل پاکستان کے ذریعے آئی ٹی کے شعبے کی استعداد کار اور جدت میں اضافہ ہو گا، حکومت نے چیف الیکشن کمشنر کیلئے جابر یعقوب عارف احمد خان اور فضل عباس میکن پر مشتمل تین نام چیف الیکشن کمشنر کیلئے دیئے ہیں امید ہے اپوزیشن اور حکومت ملکر ایک نام پر متفق ہو کر چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی یقینی بنا کر قانونی عمل کو آگے بڑھائے گی۔

وہ جمعرات کو اکیڈمی آف لیبرل آرٹس کی لانچنگ کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر عاشق فردوس اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ڈیجیٹل پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے، ڈیجیٹل پاکستان میں 5 پیرامیٹرز کا تعین کیا گیا ہے ، ڈیجیٹل پاکستان وزیراعظم کے وژن کی عکاس ہے۔ ڈیجیٹلائزیشن سے عوام اور حکومت کے درمیان رشتہ مزید مضبوط ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن سے اطلاعات تک رسائی اور اظہار رائے کی آزادی بھی یقینی ہو گی۔ نئے پاکستان کے ڈھانچے میں ترقی یافتہ ملک کی بنیاد رکھی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں سالانہ 3 ٹریلین سے زائد رقم سے خریداری کرتی تھی اب حکومت نے اس شعبے میں شفافیت لانے کیلئے ای گورننس نظام متعارف کرایا ہے، تمام وزارتوں اور اداروں کو پیپر فری بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ان اہم ممالک کی فہرست میں ہے جہاں نوجوانوں کی تعداد زیادہ ہے۔ ہم اپنے نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے روشناس کرا کے انہیں دور حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار کر رہے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر آئی ٹی ماہرین کی ضروریات کو بھی پورا کرنے کیلئے اپنی یوتھ کو تیار کر رہے ہیں۔

 وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ملک میں گزشتہ 72 سالوں سے “سٹیٹس کو” کو آگے بڑھایا جا رہا تھا لیکن موجودہ حکومت نے اس “سٹیٹس کو” کو نہ صرف روکا بلکہ ملک میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور متعلقہ وزارتوں کے حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم کو آٹا، چینی، گھی، دالوں کی قیمتوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے وفاق کی سطح پر پرائس کنٹرول اتھارٹی کے قیام کی ہدایات دی ہیں تاکہ اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیراعظم عمران خان نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایات دیں کہ وہ طلب اور رسد کے حوالے سے ڈیٹا بینک بنائیں تاکہ کسی بھی چیز کی طلب کے بڑھنے سے منافع خور اور گراں فروش فائدہ نہ اٹھا سکیں جیسے ہی طلب بڑھے تو سپلائی بھی اسی رفتار سے بڑھتی رہے تو مارکیٹ میں بحران پیدا نہیں ہو سکے گا۔ وزیراعظم نے صوبوں پر زور دیا کہ وہ ناجائز منافع خوروں کیخلاف کارروائی کریں اور فارمر مارکیٹنگ کو صوبوں کی سطح پر فعال بنایا جائے۔

 انہوں نے کہا کہ منگل کو الیکشن کمیشن کے سربراہ اور ممبران کی تقرری کیلئے اجلاس ہو گا، اب دیکھنا یہ ہے کہ باہر سے یہ لوگ کیا چورن لے کر آتے ہیں لیکن حکومت نے چیف الیکشن کمشنر کیلئے جابر یعقوب عارف احمد خان اور فضل عباس میکن پر مشتمل تین نام چیف الیکشن کمشنر کیلئے دیئے ہیں امید ہے کہ اپوزیشن اور حکومت ملکر ایک نام پر متفق ہو کر چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی یقینی بنا کر قانونی عمل کو آگے بڑھائے گی۔

سورس:  وی  این ایس، اسلام آباد