اسلام آباد، 10 دسمبر(اے پی پی ):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ منگل کو یہاں کابینہ اجلاس میں وزیراعظم پاکستان عمران خان نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے وزارت پانی و بجلی اور تیل و گیس سے بریفنگ لی ۔وزارت پانی و بجلی نے بتایا کہ جب حکومت اقتدار میں آئی تو گردشی قرضوں کا بوجھ تھا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بجلی کی مد میں حکومت 242ارب روپے سبسڈی دے چکی ہے۔ صنعتوں اور کسانوں کو بھی بجلی کی مد میں سبسڈی دی گئی۔ تجویز دی گئی کہ بجلی میٹر میں ردوبدل روکنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے۔
آئل گیس اور پٹرول کے شعبے میں حکومت کو 181ارب کا خسارہ ملا۔ بتایا گیا کہ گھریلو صارفین کے لیے گیس کی مد میں 19ارب کی سبسڈی دی گئی۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو گھریلو صارفین کیلئے بلاتعطل گیس فراہمی کی ہدایت کی۔ کلین گرین گیس صارف تک پہنچانے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔
معاون خصوصی نے بتایا کہ کابینہ نے بھارتی لوک سبھا میں منظور کئے جانے والے متنازعہ شہریت بل کی شدید مذمت کی بھارت کے اقدامات نے اس کا اصل چہرہ بے نقاب کیا ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے صحت سہولیات بہتر بنانے کیلئے ہدایات دیں۔ وزیراعظم نے وفاق کے زیرکنٹرول ہسپتالوں میں عالمی معیارکی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت بھی کی ۔ سزا یافتہ اور مفرور افراد میڈیا پر آکر ملکی قوانین کا مذاق اڑاتے ہیں اور سزا یافتہ افرادکے میڈیا میں بیانات کے تدارک کیلئے لائحہ عمل بنانے کی ہدایت کی گئی ۔ کابینہ اجلاس میں ورکرز ویلفیئر فنڈ بورڈ کی منظوری دی گئی ، مسابقتی کمیشن نے ذخیر اندوزی کے تدارک کیلئے اقدامات پر کابینہ اجلاس کو بریفنگ دی۔
معاون خصوصی نے بتایا کہ غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اصلاحات لائی جائیں گی۔ذخیرہ اندوزی کے خلاف قوانین کو مزید موثر بنایا جائے گا۔ مسابقتی کمیشن سے متعلق مقدمات جلد نمٹانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی گئی ۔غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اصلاحات لائی جائیں گی۔ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف موثر کارروائیاں کی جائیں گی۔
وی این ایس اسلام آباد