شعبہ صحت وزیر اعظم کی اولین ترجیح ہے : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

134

راولپنڈی، 19 دسمبر (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے وزیر اعظم نے  شعبہ صحت کو اولین ترجیح دی ہے جس کے لیے  شعبہ صحت کا بجٹ بڑھایا  گیا ہے ، تھیلیسیمینا کے سدباب کے لئے ہر مملکن اقدامات کرنے ہوں گے۔ پاکستان کو سرسبز اور صاف بنانے کے لئے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

جمعرات کو راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی میں 14 ویں نیشنل تھیلیسیمیا کانفرنس اینڈ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئےصدر مملکت نے کہا کہ تھیلیسییمیا کے مرض کی روک تھام کے حوالے سے ایران کی مثال ہمارے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تھیلیسیمیا کے ایک لاکھ مریض ہیں، احتیاطی تدابیر  اور معاشرے میں آگاہی  سے تھیلیسیمیا کے مرض کو روکا جاسکتا ہے۔

تھیلیسییمیا کے مرض کی بروقت تشخیص احتیاطی تدابیر اور علاج پر زور دیتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی   نے کہا کہ قانون  کے بنانے سے زیادہ اس کا نفاذ اہم ہے  جبکہ ہیپاٹائٹس کے مرض کی روک تھام کے لئے بھی اقدامات کئے جانے چاہیے۔

صدر مملکت  نے کہا کہ ھیلیسیمیا ،پولیوسمیت دیگر موذی امراض  کی  آگاہی  میں میڈیا اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرامہ میں مخصوص پیغامات کے ذریعے  اور مساجد کے ذریعے بھی  معاشرے میں آگاہی پیدا کرکے اس مرض کو پھیلنے سے روکا جاسکتا ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ  ہیپا ٹائٹس اور  تھیلیسیمیا جیسی بیماری  کا خون کے ایک ہی ٹیسٹ کے ذریعے پتہ لگانے کے لئے لائحہ عمل تیار کرنے کی ضرورت ہے جبکہ صحت کے مسائل کے حل کے حوالے سے جامع حکمت عملی ناگزیر ہے۔

 تقریب سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی ہیلتھ  سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن ڈاکٹر ظفر مرزا ، صوبائی وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد، پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر عون عباس بپی اور صدر  تھیلیسیمیا فاؤنڈیشن پاکستان  لیفٹیننٹ جنرل (ر) معین الدین حیدر نے بھی خطاب کیا۔

وی این ایس ، راولپنڈی

Download video