اسلام آباد ، 23 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود معاشی استحکام کے حصول کے بعد حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ استحکام کا اگلا مرحلہ معاشی ترقی کی شکل اختیار کرے، ہمارا وژن ملک کو پائیدار معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے جس کے لئے طویل المدت جامع منصوبہ بندی نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام برائے مالی سال 2019-20ءپر پیشرفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیرِ برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے تعلیم شفقت محمود، وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی خسرو بختیار، معاونِ خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، ڈپٹی چئیرمین پلاننگ کمیشن، سیکرٹری پلاننگ و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ وزیرِاعظم کو پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام برائے مالی سال 2019-20ءکی پہلی اور دوسری سہ ماہی کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مختلف وزارتوں کی اب تک کی کارکردگی کی تفصیلی رپورٹ بھی وزیرِاعظم کو پیش کی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے لئے حکومت کی جانب سے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 380 نئی اسکیموں کا اجراءکیا گیا۔ وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود معاشی استحکام کے حصول کے بعد حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ استحکام کا اگلا مرحلہ معاشی ترقی کی شکل اختیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا وژن ملک کو پائیدار معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے جس کے لئے طویل المدت جامع منصوبہ بندی نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ طویل المدت اور جامع منصوبہ بندی کے ضمن میں بین الوزارتی روابط اور کوارڈینیشن کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔ وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ موجودہ حکومت نے مختلف منصوبوں کی منظوری اور منظور شدہ منصوبوں کے لئے فنڈز کے اجراءکے عمل کو سہل بنا دیا ہے تاکہ کوئی منصوبہ فنڈز کی کمی یا تاخیر کی وجہ سے التواءکا شکار نہ ہو۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت منصوبوں پر بروقت عمل سے ملک میں معاشی عمل کو تیز کرنے اور روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ اس تناظر میں وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ مختلف منصوبوں پر عمل درآمدکی رفتار پر مسلسل نظر رکھی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی ترقیاتی منصوبہ یا سکیم سرخ فیتے یا کسی دیگر وجوہات کی بنا پر کسی قسم کی تاخیر یا التواءکا شکار نہ ہو۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے ضمن میں حکومتی وسائل بروئے کار لانے کے ساتھ ساتھ حکومت نجی شعبے کو بھی اس عمل میں شامل کرنا چاہتی ہے اور اس سلسلے میں حکومت ان کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہے۔
وی این ایس اسلام آباد