اسلام آباد ، 26 دسمبر (اے پی پی) وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت ہائیڈرو پاور منصوبوں پر بلا تعطل عمل درآمدکو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکنہ معاونت فراہم کی جائے گی‘وزیرِ اعظم نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ ملکی معیشت کی ترقی میں ہائیڈرو پاور منصوبوں کے اہم کردار کے پیش نظر ان منصوبوں سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر دور کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ان خیالات کا اظہار وزیرِ اعظم عمران خان نے ملک میں اہم ہائیڈروپاور منصوبوں کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا جو جمعرات کو یہاں وزیراعظم کی زیرصدارت منعقد ہوا ۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ مہمند ڈیم کی تعمیر 2019کے وسط میں شروع کی گئی جو کہ 2024ءتک مکمل کر لی جائے گی۔ اس منصوبے سے 12لاکھ ایکٹر فٹ پانی ذخیرہ کرنے جبکہ 800 میگا واٹ توانائی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ ان منصوبوں سے 9620 میگا واٹ توانائی کی اضافی صلاحیت میسر آئے گی جبکہ پانی کے وسائل کو ذخیرہ کرنے کی 11.3ملین ایکٹر فٹ صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ ان منصوبوں کی بدولت 23ارب سے زائد کی رقم سماجی ترقی کے لئے خرچ ہوگی جس کے نتیجے میں ملازمتوں کے 23 ہزار مواقع پیدا ہوں۔
وزیرِ اعظم نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ ملکی معیشت کی ترقی میں ہائیڈرو پاور منصوبوں کے اہم کردار کے پیش نظر ان منصوبوں سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر دور کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ اجلاس میں وزیر برائے آبی وسائل محمد فیصل واوڈا، سیکرٹری آبی وسائل محمد اشرف، چئیرمین واپڈا لیفٹنٹ جنرل(ر) مزمل حسین و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔وزیرِ اعظم کو مہمند ڈیم، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، تربیلا فور(توسیع) اور دیا میر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت اور ان سے متعلقہ معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
سورس:وی این ایس اسلام آباد