اسلام آباد03، جنوری (اے پی پی ): وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ قانون میں جو سقم موجود تھا پارلیمنٹ اسے درست کر رہی ہے۔ پارلیمان کی بالادستی ہی جمہوریت کی اصل روح ہے۔
جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ہماری سرحدوں اور خطے کی صورت حال کشیدہ ہے، موجودہ صورتحال میں سیاسی جماعتوں کو قومی مفاد مقدم رکھنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے،تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے پاک فوج کو تقویت دی جانی چاہیے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے مذکورہ معاملے پر دانشمندی کا ثبوت دیا،پاکستانی سیاست میں جوابدہی کے عمل کو مضبوط بنانا ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جمہوری عمل سے ہی پارلیمنٹ میں لائی گئی ترامیم منظور کی جائینگی،قومی مفادات پر پارلیمنٹ میں یکجہتی کا مظاہرہ ہو گا۔ووٹ کو عزت عمل سے دینی ہے الفاظ سے نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی معاملات میں اختلاف رہےگا، قومی معاملات پر یکجا ہیں۔
وی این ایس ،اسلام آباد