وزیر اعظم  کی ہدایت  پر وزیر خارجہ ،ایران ،سعودی عرب دورہ پر روانہ،،،خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال  کریں  گے

158

اسلام آباد ، 12 جنوری (اے پی پی ):ایران ، امریکہ کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ایران  اور سعودی عرب کے دورہ پر روانہ ہو گئے ۔سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ ہیں۔

 اس دوران وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ایران میں اپنے  ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ملاقات کریں گے اور ان سے مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہء خیال  بھی کریں گے۔اسکے علاوہ وزیر خارجہ 13جنوری کو ،تہران سے ریاض جائیں گے جہاں وہ  سعودی وزیر خارجہ  شہزادہ فیصل بن فرحان بن آل سعود سے ملاقات کریں گے اور ان کے ساتھ ایران امریکہ کشیدگی سمیت علاقائی امن و استحکام کے موضوعات پر تبادلہ ء خیال کریں گے۔

روانگی  سے قبل  گفتگو  کرتے ہوئے   وزیر خارجہ نے کہا کہ حالیہ پیش آنے والے واقعاتِ کے تناظر میں خطے کے امن و سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے ، کشیدگی میں کمی لانے اور مسائل کے پرامن حل کے لیے فوری اور اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ میں ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ و دیگر رہنماؤں کے ساتھ ہونیوالی ملاقاتوں میں انہیں حالیہ صورتحال پر پاکستان کے نقطہء نظر  سے آگاہ کروں گا  جبکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ،تناؤ کی اس کیفیت کو اعتدال پر لانے ، کشیدگی میں کمی لانے اور سفارتی ذرائع سے مسائل کا حل تلاش کرنے کی جملہ کوششوں کی حمایت کی جائے ۔

وی این ایس ، اسلام آباد