وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار اور مشیر تجارت عبدالرزاق داود کی ملاقات، ای سی سی کے فیصلے سے آگاہ کیا

162

اسلام آباد ، 20 جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یوریا کی بوری پر جی آئی ڈی سی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے یوریا کی قیمت میں 20 فیصد تک کمی آئے گی۔ وزیر اعظم میڈیا آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پیر کو وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی مخدوم خسرو بختیار اور مشیر تجارت عبدالرزاق داود نے ملاقات کی۔ وزیرِ اعظم عمران خان کو بتایا گیا کہ ا ن کی ہدایت پر اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کسانوں کے مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے یوریا کی بوری پر جی آئی ڈی سی ختم کرنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے سے یوریا کی قیمت میں 20 فیصد تک کمی آئے گی۔ قبل ازیں یہ اضافی رقم جی آئی ڈی سی کی مد میں کسانوں سے وصول کی جاتی تھی۔ واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے کسانوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ای سی سی کو ہدایت کی تھی کہ یوریا کی قیمتوں میں کمی کے لئے فوری اقدامات کیے جائیں۔

وی این ایس اسلام آباد