کراچی، 27 جنوری ( اے پی پی): وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت اس سلسلے میں نجی شعبے کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے۔
انہوں نے یہ بات بروز پیر انڈس ہاسپٹل کے بورڈ ممبران سے ملاقات کرتے ہو ئے کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے صحت کے شعبے میں انڈس ہسپتال کی خدمات کو سراہا۔ ملاقات میں وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر بحری امور سید علی ذیدی اور گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران بورڈ ممبران نے وزیر اعظم کو انڈس ہاسپٹل اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
بورڈ ممبران میں چیرمین یونس ہاشم بنگالی، سی ای او ڈاکٹر عبدالباری خان، ایگزیکٹو ڈائریکٹر سائرہ خواجہ، سید مشہود رضوی، عبدالکریم پراچہ اور عدنان اصدر شامل تھے
وی این ایس، کراچی