طب کی تعلیم میں انسانی ہمدردی اور انسانیت سے پیار کا درس بھی دیا جانا چاہیے: صدر مملکت عارف علوی

138

کراچی، 4 فروری (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صحت کی سہولیات کی فراہمی اور تعلیم کے حصول پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ طب کا شعبہ انسانیت کی خدمت کا نام ہے، طب کی تعلیم میں انسانی ہمدردی اور انسانیت سے پیار کا درس بھی دیا جانا چاہیے، کرونا وائرس دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہا ہے، اس کے سدباب کے لئے ویکسین تیار کرنے پر تیزی سے کام جاری ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو فضائی روتھ پی اے ایف یو میڈیکل کالج کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ طب کا شعبہ انسانیت کی خدمت کا نام ہے، ڈاکٹر اور اساتذہ معاشرے کے انتہائی قابل احترام پیشے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طب کی تعلیم میں انسانی ہمدردی اور انسانیت سے پیار کا درس بھی دیا جانا چاہیے، معالج کا مریض کے معاشی اور معاشرتی مسائل سے آگاہ ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے کامیابی سے اپنے 880 کروڑ افراد کو غربت کی دلدل سے نکالا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے معاشرہ اور ماحول نادار طبقوں کی خدمت کا جذبہ رکھتے تھے۔ ڈاکٹروں کو اپنی پریکٹس کے دوران انسانی خدمت کے جذبے کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور یہ جذبہ ان میں ان کے والدین پیدا کرسکتے ہیں۔

 صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ دور میں مختلف طبقوں کے درمیان روابط میں کمی ہے جس کے باعث ایک دوسرے کی مشکلات سے آگاہی نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم کی سہولیات بہتر ہوں گی تو ملک ترقی کرے گا، صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہونی چاہیے، ہمارے مذہب میں طہارت اور پاکیزگی پر زور دیا گیا ہے۔

 ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دنیا بھر میںکرونا وائرس کا خطرہ بڑھ رہا ہے، ایسے وائرس کی ویکسین بننے میں وقت لگتا ہے۔ سارس وائرس کی ویکسین بننے میں 6 ماہ لگے، ممکن ہے کرونا وائرس کی ویکسین جلد تیار ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایچ آئی وی، تپ دق اور ہیپاٹائٹس کی بیماریوں میں اضافہ ہورہا ہے، ملک کی 8 فیصد آبادی ہیپا ٹائٹس کا شکار ہے۔

وی  این ایس، کراچی

Download Video