اسلام آباد ، 10 فروری (اے پی پی): وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے برادارانہ تعلقات تاریخی اہمیت کے حامل ہیں، دونوں ممالک مشکل کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں، ترک صدر رجب طیب اردوان کا دورہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبہ جات میں تعاون کو فروغ دینے میں دورہ اہم سنگ میل ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ترک صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان کے حوالہ سے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ترک صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبہ جات میں دوطرفہ تعلقات و تعاون کو فروغ دینے کے حوالہ سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ترکی نے مسئلہ کشمیر پر جس واضح انداز میں پاکستان کے اصولی مؤقف کی حمایت کی ہے وہ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی قیادت کی مخلصانہ کوشش ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان ہر شعبہ میں دوطرفہ تعلقات خصوصاً معاشی تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے۔
وزیرِاعظم نے متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ اعلیٰ سطحی دورہ کے دوران طے پانے والے معاملات پر عملدرآمد اور ان کو پایہ تکمیل تک پہنچانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیراعظم نے پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ معاہدوں پر پیشرفت کو یقینی بنانے کیلئے وزیر برائے اقتصادی امور کو ذمہ داری سونپ دی۔ وزیرِ اعظم نے وزیر برائے اقتصادی امور کو ہدایت کی کہ طے پانے والے امور میں پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے ہر ماہ جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے۔
اجلاس میں وزیرِ برائے اقتصادی امور حماد اظہر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، متعلقہ وزارتوں کے وفاقی سیکرٹریز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔
وی این ایس ، اسلام آباد