افغانستان میں پرامن حل  کیلئے پاکستان میں حکومت، تمام ادارے ایک صفحہ پر ہیں :وزیراعظم عمران خان

122

اسلام آباد ،17 فروری (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انتہائی مشکل معاشی حالات کے باوجود پاکستان نے افغان مہاجرین کی میزبانی کی ہے، تمام تر مشکلات کے باوجود افغانستان مہاجرین کی میزبانی جاری رکھی۔ افغانستان میں پرامن حل کے لئے پاکستان میں حکومت اور تمام ادارے ایک صفحہ پر ہیں اور پوری پاکستانی قوم اور تمام ادارے افغانستان میں پائیدار امن کے خواہاں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پاکستان میں40 سال سے مقیم افغان مہاجرین کے حوالے سے عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس، مہاجرین کے لئے اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر فلپو گرینڈی سمیت اہم ملکی اور عالمی شخصیات موجود تھیں۔

 انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے بعد مغربی دنیا میں اسلاموفوبیا  کی وجہ سے مسلمان مہاجرین کے مسائل میں بہت اضافہ ہوا۔ افغان عوام برسوں کی خانہ جنگی کے بعد اب امن و خوشحالی کے مستحق ہیں، افغانستان میں خانہ جنگی کا خاتمہ نہ صرف پاکستان کے مفاد میں ہے بلکہ اس سے خطے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں امن و سلامتی کے فروغ میں بھی مدد ملے گی ۔

 انہوں نے کہا کہ جب افغانستان میں امن ہوگا تو علاقائی تجارت کو فروغ ملے گا جس سے خطے کے تمام ممالک مستفید ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر عالمی برادری اور اقوام متحدہ نے بھارت کے حالات اور اقدامات کا نوٹس نہ لیا تو اس سے عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ تنازعات کے پر امن حل کی ضرورت پر زور دیا ہے اور باہمی مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہش مند رہا ہے ۔

 انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے کے حالات انتہائی سنگین ہوجائیں عالمی برادری بھارتی پالیسیوں کا نوٹس لیتے ہوئے اپنا کردار ادا کرے تاکہ انتہا پسندی کو ختم کیا جاسکے جو امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کے بچوں نے پاکستان میں قیام کے دوران کرکٹ سیکھی اور آج افغانستان کی کرکٹ ٹیم عالمی درجہ بندی میں شامل ہوچکی ہے جس نے گزشتہ دنوں پاکستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو شکست بھی دی ہے۔

وی این ایس،اسلام آباد

Download Video